بیلجیم: کارنیوال کے شرکا پر کار چڑھ دوڑنے سے چار افراد ہلاک

Belgium Incident

Belgium Incident

لا لوویئر (اصل میڈیا ڈیسک) بیلجیم کے ایک جنوبی شہر میں کارنیوال کی تقریبات میں شریک افراد پر کار چڑھ دوڑنے کے نتیجے میں چار افراد مارے گئے ہیں۔ 12 دیگر افراد شدید زخمی ہیں۔

اسٹیپی براقنی نامی بیلجیم کے جنوبی شہر میں یہ واقعہ آج اتوار 20 مارچ کو صبح سویرے پیش آیا۔ بیلجیم کی نیوز ایجنسی بیلگا کے مطابق ایک تیز رفتار کار کارنیوال میں شریک افراد پر چڑھ دوڑی جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہوئے۔

قریبی شہر لا لوویئر کے میئر ژاک گوبیرٹ کے حوالے سے اس نیوز ایجنسی نے بتایا ہےکہ کار کی زد میں درجنوں افراد آئے جن میں سے 12 افراد شدید زخمی ہیں جبکہ 20 دیگر کو معمولی زخم آئے ہیں۔ لا لوویئر بیلجیم کے دارالحکومت برسلز سے 50 کلومیٹر دور جنوب میں واقع ہے۔

ژاک گوبیرٹ کے مطابق، ”تیز رفتار کار لوگوں کے ہجوم پر چڑھ دوڑی۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ گاڑی کے ڈرائیور نے وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی مگر اسے پکڑ لیا گیا۔
واقعے کی محرکات ابھی تک نامعلوم

یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح پانچ بجے (عالمی وقت کے مطابق صبح چار بجے) کارنیوال کی روایتی طور پر صبح سویرے منعقد ہونے والی تقریبات کے دوران پیش آیا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں ہے آیا ڈرائیور نے غلطی سے گاڑی ہجوم پر چڑھائی یا اس نے جانتے بوجھتے ایسا کیا۔ نہ ہی ابھی تک اس کار ڈرائیور کی قومیت کے بارے میں کچھ بتایا گیا ہے۔

بیلجیم میڈیا کی رپورٹس کے مطابق لوگوں کے ہجوم پر چڑھ دوڑنے والے کار کا تعاقب پولیس کر رہی تھی۔