بلاول کی وزیراعظم عمران خان کو مستعفی ہونے کیلیے 5 دن کی مہلت

Bilawal Bhutto

Bilawal Bhutto

احمد پور شرقیہ (اصل میڈیا ڈیسک) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو مستعفی ہونے کے لیے 5 دن کی مہلت دے دی۔

بلاول بھٹو زرداری نے بہاول پور کی تحصیل احمد پور شرقیہ میں لانگ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم سے کہتے ہیں کہ 5روز کے اندر خود مستعفی ہوجائیں، عوام ساتھ ہو تو دنیا کی کوئی طاقت راستہ نہیں روک سکتی، عوام ہمارا ساتھ دیں ، ساہیوال پہنچنے سے پہلے خوشخبری آئے گی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے کہتے ہیں کہ 5روز کے اندر خود مستعفی ہوجائیں، عمران خان اسمبلی توڑواور ہمارا مقابلہ کرو، اگر آپ خود مستعفی نہ ہوئے تو ہم اسلام آباد آکر آپ کا بندوبست کریں گے، عدم اعتماد لائیں گے اور آپ کو ہٹا کر رہیں گے، پانچ دن بعد ہمارے نمبر پورے ہو چکے ہوں گے، ایوان میں ہر ایم این اے عدم اعتماد میں ہمارے ساتھ ہے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ہم نالائق ،ناجائز حکومت کو ہٹانے کے لیے نکلے ہیں، اسلام آباد میں کٹھ پتلی سے ٹکرائیں گے، اپوزیشن جماعتوں کوعدم اعتمادپرساتھ دینا چاہیے، حکومتی اتحادیوں کو بھی کٹھ پتلی کاساتھ نہیں دینا چاہیے، پاکستان کےعوام بھی کٹھ پتلی کے ساتھ نہیں ہیں۔