بل اور میلنڈا گیٹس کا شادی کے 27 برس بعد طلاق کا اعلان

Bill Gates and Melinda Gates

Bill Gates and Melinda Gates

امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) بل اور میلنڈا گیٹس نے شادی کے 27 سال بعد طلاق لینے کا اعلان کیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ ‘ہمارے نزدیک اب ہم اب ایک دوسرے کے ساتھ رہتے ہوئے ترقی نہیں کر سکتے۔’

جوڑے کی جانب سے ٹوئٹر کے ذریعے کیے گئے اعلان میں کہا گیا کہ ‘بہت زیادہ سوچ بچار اور اپنے رشتے پر بہت زیادہ کام کرنے کے بعد ہم نے اپنی شادی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔’

دونوں کی درمیان پہلی ملاقات 1980 کے اواخر میں ہوئی تھی جب میلنڈا نے بل گیٹس کی کمپنی مائیکرو سافٹ میں نوکری کا آغاز کیا تھا۔ ان کے تین بچے ہیں۔

دونوں مشترکہ طور پر فلاحی تنظیم بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کا انتظام بھی سنبھالتے ہیں۔

ان کی جانب سے ٹوئٹر پر پوسٹ کیے جانے والے اعلامیے میں لکھا ہے کہ ‘گذشتہ 27 سالوں کے دوران ہم نے تین قابلِ فخر بچوں کی پرورش کی ہے اور ایک ایسی فاؤنڈیشن بنائی ہے جو دنیا بھر میں کام کرتی ہے اور لوگوں کو صحت مند اور سود مند زندگی گزارنے میں مدد کر رہی ہے۔’

’ہم اب بھی اس مشن پر یقین رکھتے ہیں اور ہم اس فاؤنڈیشن کے لیے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے، تاہم ہمارے نزدیک ہم بطور جوڑا اپنی زندگیوں کے اگلے مراحل میں ایک ساتھ ترقی نہیں کر سکتے۔‘

ان کی فاؤنڈیشن نے متعدی امراض کے خلاف جنگ اور بچوں میں ویکسینیشن کی حوصلہ افزائی کے لیے اربوں ڈالر خرچ کیے ہیں۔

یہ دونوں سرمایہ کار وارن بفیٹ کے ساتھ مل کر ‘گِونگ پلیج’ نامی مہم کا بھی حصہ ہیں جو ارب پتی افراد سے اپنی دولت کا زیادہ تر حصہ اچھے کاموں میں خرچ کرنے کے لیے چلائی گئی ہے۔

فوربز کے مطابق بل گیٹس دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ ان کی کل دولت 124 ارب کے قریب ہے۔

انھوں نے یہ دولت 1970 کی دہائی میں مشترکہ طور پر قائم کی جانے والی دنیا کے سب سے بڑی سافٹ ویئر کمپنی مائیکروسافٹ کے ذریعے کمائی۔