بورکینا فاسو میں مسلح حملے کے نتیجے میں 20 شہری جاں بحق

Burkina Faso Attack

Burkina Faso Attack

واگا ڈوگو (اصل میڈیا ڈیسک) افریقی ملک بورکینا فاسو میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب مسلح انتہا پسندوں کے حملے میں کم سے کم 20 عام شہری ہلاک ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ شہری آبادی کے قتل عام کا یہ واقعہ شمالی صوبے سینو کے مرکزی مقام گورگاڈگی سے 40 کلو میٹر دور لامدامول کے مقام پر پیش آیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے لامدامول میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب شہری آبادی پراندھا دھند فائرنگ کی۔ حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھے۔ انہوں نے قصبے میں داخل ہوتے ہی فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں بیس افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

مقامی سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ چند روز قبل انتہا پسندوں کی طرف سے مقامی آبادی کو وہاں سے نکل جانے کی دھمکی دی تھی اور خبر دار کیا تھا کہ گائوں خالی نہ کرنے کی صورت میں آبادی کو قتل کردیا جائے گا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز علاقے کی دن رات سیکیورٹی کررہے ہیں تاہم پورے علاقے کو تحفظ فراہم کرنا مشکل ہے۔

خیال رہے کہ 25 جنوری کو انتہا پسندوں نے بورکینا فاسو کے نواحی علاقے ٹونگومایل میں 39 عام شہریوں کوموت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ سنہ 2015ء سے بورکینا فاسو میں انتہا پسندوں کے حملے میں 800 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔