ضمنی الیکشن: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 221 تھرپارکر میں پولنگ

Election Polling

Election Polling

تھرپارکر (اصل میڈیا ڈیسک) قومی اسمبلی کے حلقے این اے 221 تھرپارکر ون پر آج ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔

این اے 221 تھرپارکر ون میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا جو شام 5 بجے تک کسی وقفے کے بغیر جاری رہے گا۔

این اے 221 تھرپارکر کی نشست پیپلز پارٹی کے پیر نور محمد شاہ جیلانی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

پیپلز پارٹی کے امیر علی شاہ اور پی ٹی آئی کے نظام الدین راہموں سمیت 12 امیدوار انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں لیکن اصل مقابلہ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی امیدوار وں میں ہے۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے مطابق حلقے میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 2 لاکھ 81 ہزار 900 ہے، حلقے کے 318 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 95 انتہائی حساس اور 130 حساس ہیں۔

پولنگ کے دوران 2000 سے زائد پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔