کیلیفورنیا: نامعلوم افراد کی فائرنگ، تین افراد ہلاک

California firing

California firing

کیلی فورنیا (جیوڈیسک) امریکی ریاست کیلی فورنیا میں فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کیلی فورنیا کے قریبی علاقے میں واقع فوڈ فیسٹیول میں اس وقت بھگدڑ مچ گئی جب نامعلوم افراد کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی اور لوگ دیوانہ وار باہر کی جانب بھاگنے لگے۔ اس دوران فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق مقامی کونسل کے رکن ڈائن بروکو کا کہنا ہے کہ حملے میں تین افراد چل بسے ہیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

مقامی کونسل کے رکن ڈائن بروکو کے مطابق ہلاکتیں بڑھ سکتی ہیں، زخمیوں کی حالت کافی نازک ہے، ایک حملے آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے، پولیس اس دوران سرچ آپریشن کر رہی ہے، حالات پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

پولیس واقعے کی اطلاع ملنے پر فوری جائے وقوعہ پر پہنچی اور جائے حادثہ کو گھیرے میں لے کر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ حملے آور کے بارے میں بتایا جا رہا ہے اس نے صرف تین سے چار سکینڈ میں فائرنگ کی جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچی، اسی بھگدڑ کے نتیجے میں شہریوں کی بڑی تعداد زخمی بھی ہوئی۔

ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ تین افراد ہلاک ہو چکے ہیں، پانچ زخمیوں کی حالت کافی تشویشناک ہے جنہیں بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔