کینیڈا: دہشتگرد نے پاکستانی خاندان کو ٹرک تلے روند دیا

Canada Incident

Canada Incident

کینیڈا (اصل میڈیا ڈیسک) کینیڈا میں دہشتگرد نے پاکستانی خاندان کے 4 افراد کو ٹرک تلے روند ڈالا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق واقعہ گزشتہ روز کینیڈا کے شہر لندن اونٹاریو میں پیش آیا جس میں جاں بحق افراد میں ایک مرد، دو خواتین اور ایک بچی بھی شامل ہے جب کہ واقعے میں ایک کمسن زخمی ہوا۔

جاں بحق افراد میں عمر رسیدہ ماں، فزیوتھراپسٹ بیٹا سلمان، بہو اور کمسن پوتی جاں بحق ہوئی جب کہ 9 برس کا پوتا شدید زخمی ہوا۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے خاندان کو ٹرک سے روندنے والا دہشتگرد مذہبی تعصب میں مبتلا تھا جسے پولیس نے گرفتار کرلیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آور مقامی کینیڈین شہری ہے جسے ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں اس پر قتل کے 4 اور اقدام قتل کا ایک الزام عائد کیا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے حملے کو مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیزی کا واقعہ قرار دیا ہے اور لندن ڈیٹکٹو سپرنٹنڈنٹ پال ویٹ کا کہنا ہے کہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت حملہ کیاگیا اور حملہ آور پر فرسٹ ڈگری قتل کے الزامات عائد کیے گئے ہیں، ملزم کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کا جائزہ لے رہے ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والے 46 سال کے سلمان فزیوتھراپسٹ اور ان کی 44 سالہ بیوی ویسٹرن یونیورسٹی لندن میں پی ایچ ڈی کی طالبہ تھیں جب کہ سلمان کی 74 سال کی والدہ پاکستان سے وزٹ ویزے پر کینیڈا آئی تھیں، واقعے میں سلمان کی 15 سال کی بیٹی بھی جاں بحق ہوئی جب کہ ایک بچہ زیرعلاج ہے۔

دوسری جانب دہشتگردی کے ایک اور واقعے سے پاکستانیوں سمیت مسلم کمیونٹی تشویش کا شکار ہے۔

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ لندن اونٹاریو واقعے نے مجھے ہلا کر رکھ دیا ہے، نفرت انگیز واقعے کا شکار افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں، لندن سمیت ملک بھر کی مسلم کمیونٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں اسلاموفوبیا کے لیے کوئی جگہ نہیں، اس نفرت کو ختم کرنا ہو گا۔