سینٹورس اسلام آباد کی سیر

Mumtaz Malik

Mumtaz Malik

تحریر : ممتاز ملک۔ پیرس

کئی دنوں سے سینٹورس کا نام سن سن کر اسے دیکھنے کا اشتیاق ہو چلا تھا لیکن بھلا ہو دھرنے والوں کا کہ اس طرف جانے والے میٹرو کی بندش سے اور کبھی اپنے دوسرے پروگرامز کی مصروفیات کے سبب ہم جا نہ پائے ۔ لیکن 17 نومبر 2019ء بروز اتوار یہ شوق بھی پایہ تکمیل کو پہنچا۔

میٹرو سے ہی ہم سب پمس اسلام آباد کے سٹاپ پر اس شاندار سی بلڈنگ کے سامنے اترے۔ باہر سے واقعی بلڈنگ بہت خوبصورت تھی ۔ لیکن اس کے سیکیورٹی انتظامات اور بھی اچھے تھے۔ یہ بالکل ایک بین الاقوامی سطح کا کثیر المنزلہ شاپنگ مال ہے ۔ جس میں بہت سے انٹرنیشنل برانڈز بھی موجود ہیں ۔ کھانے پینے ، بوتیکس ، کراکری ، جیولری ، بچوں کی تفریحات غرضیکہ ہر شے موجود ہے ۔

اکثر اشیاء کی قیمتیں یورو، پاونڈز اور ڈالرز کے متبادل رکھی گئی ہیں جو کہ عام آدمی کی تو پہنچ سے باہر ہیں ۔ پھر بھی ہم 5، 6 ہزار روپے لٹا ہی آئے 🤔😜 مال اتنا بڑا ہے کہ ایک ہی دورے میں اس کی سیر ممکن ہی نہیں ہے اور شاپنگ وہ تو کئی دوروں میں بھی ناممکن 😜 پھر بھی مہذب سے ماحول میں سکون سے گھومنا بہت اچھا لگا ۔ سب سے اچھی بات یہ کہ یہاں اکیلے نوجوانوں کا بنا کسی خاتون کے ساتھ داخلہ منع ہے۔ جس کے سبب ٹھرکیوں اور ٹائم پاس لوگوں سے فیملیز محفوظ رہ کر شاپنگ کر سکتی ہیں ۔ ویسے میرا بس چلے تو میں یہ حکم سبھی بازاروں پر لاگو کر دوں ۔ ماسوائے ان بازاروں کے جہاں مردانہ شاپنگ ہوتی ہے۔

ایک اور بات جتنا بڑا مال ہے اتنے ہی یہاں سوٹڈ بوٹڈ خواتین و حضرات کے چور گروہ بھی گھوم رہے ہوتے ہیں ۔ لہذا جب بھی کہیں جائیں تو چوروں اور جیب کتروں اور خود سے ٹکرا کر گزرنے والوں کو نوٹس کر کے اپنے سامان کی آپ حفاظت والا پیغام اپنے ذہن میں رکھیں ۔

ایک ہی منزل پر گھومتے ہوئے تھک گئے تو کرکرے اور کوک لیکر باہر نکلے اور خوبصورت فضاء میں سینٹورس کے باہر بنے بنچز پر بیٹھ کر دعوت اڑائی۔ ایک پیاری سی بلی ہم سے خوامخواہ ہی مانوس ہو گئی ۔ اور ہمارے ساتھ ساتھ ہی ہمارے اردگرد گھومتی رہی ۔ اور ہم اسے کرکرے پیش کریں تو موصوفہ کو پسند نہ آئے ۔ اس کی پسند کا ہمارے پاس کچھ تھا نہیں ۔ پیسوں سے اسے شغف نہ تھا ورنہ کہتے جا بہن کچھ پیسے لے اور جا کر کچھ کھا لے 😁
یوں خوب تھک کر اور پھر آنے کا سوچ کر بذریعہ میٹرو واپسی کی راہ لی۔

ایسے مالز پاکستان سے باہر اور ہمارے ہاں یورپ میں تو عام ہیں لیکن پاکستان اور خصوصا راولپنڈی اسلام آباد میں اور خوبصورت اضافہ ہیں ۔ جسے دیکھ کر خوشی ہوئی ۔ بس ذرا سستا بھی ہو جائے تو کیا ہی بات ہے۔

Mumtaz Malik

Mumtaz Malik

تحریر : ممتاز ملک ۔پیرس