چوہدری شوگر ملز کیس: مریم نواز کی درخواست ضمانت منظور

Maryam Nawaz

Maryam Nawaz

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) چوہدری شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز کی درخواست ضمانت منظور ہو گئی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کا فیصلہ سنایا۔

عدالت نے مریم نواز کو اپنا پاسپورٹ اور ایک ایک کروڑ روپے کے دو مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

نیب نے مریم نواز کو 8 اگست کو اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کے دوران کوٹ لکھپت جیل سے گرفتار کیا تھا جب کہ چوہدری شوگر ملز کیس میں ان کے کزن یوسف عباس بھی گرفتار ہیں۔

خیال رہے کہ مریم نواز نے 24 اکتوبر کو والد نواز شریف کی تیما داری کے لیے ضمانت کی درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت نے 31 اکتوبر کو فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔

نیب پراسیکیوٹر جہانزیب بھروانہ نے مریم نواز کی ضمانت کی مخالفت کی تھی جب کہ امجد پرویز ایڈوکیٹ نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ضمانت دینے کی استدعا کی تھی۔