مرغیوں اور انڈوں کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے، پولٹری ایسوسی ایشن

Chickens and Eggs

Chickens and Eggs

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) ترجمان پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن خلیل ستار نے کہا ہے کہ کم کھپت کے باعث آئندہ پولٹری مصنوعات، مرغیوں اور انڈوں کی قلت اور قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے۔

اپنے اعلامیے میں انہوں نے کہا ریستوران، ہوٹلوں اور شادی تقریبات کی بندش سے مرغی اور انڈوں کی طلب کم ہوئی ہے جس کے باعث پولٹری انڈسٹری پیداواری اخراجات برداشت نہیں کر پا رہی۔ فارمرز اپنے فارموں میں ایک دن کے چوزوں کو مفت میں رکھنے کے لئے بھی تیار نہیں ہیں جس کے نتیجے میں مرغی کی پیداوار کے لئے انڈے لگانا بند کردیئے گئے ہیں۔

ان عوامل اور انتہائی کم کھپت کی وجہ سے آنے والے مہینوں میں مرغی اور انڈوں کی مختصر فراہمی کے شدید خدشات ہیں۔ اسی طرح انڈوں کی پیداوار کو تلف کرنے کے عوامل سے بھی فراہمی کی کمی کے آثار ہیں۔

پچھلے ہفتے تک ایک دن کے چوزے کی قیمت فروخت 2 سے 3 روپے تھی جبکہ ان پر لاگت کے اخراجات38 روپے سے 40 روپے فی چوزہ تھی۔