4 وزرائے اعلیٰ ملکر بھی شہباز شریف کی خدمات کا مقابلہ نہیں کر سکتے: عطا تارڑ

Mahmood Khan, Usman Bazdar, Jam Kamal, Pervez Khattak

Mahmood Khan, Usman Bazdar, Jam Kamal, Pervez Khattak

پشاور (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ چار وزرائے اعلیٰ مل کر بھی شہباز شریف کی خدمات کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔

عطا تارڑ نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزراعلیٰ بلوچستان جام کمال اور سابق وزیراعلیٰ کے پی پرویز خٹک کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ چاروں مل کر بھی پنجاب میں شہباز شریف کی خدمات کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔

ان کا کہنا تھا آپ نے 100 ارب میں ایک بی آر ٹی بنائی نہیں جلائی، بی آر ٹی جب چلتی تو جلتی ہے، جب خیبرپختونخوا سے مریض علاج کروانے راولپنڈی آتے ہیں تو ہمیں تو بہت شرم آتی ہے لیکن آپ کو شرم نہیں آتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں کوڑے کے ڈھیر لگے ہیں، پنجاب کے وزیر اعلیٰ کو بھی شرم دلائیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو مخاطب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ محمود خان صاحب آپ کو تو دوسرے صوبے سے آئی ہوئی مہمان اور بہن بیٹیوں کی عزت تک کرنا نہیں آتی۔

قبل ازیں مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ تم باز آجاؤ، تمھاری بدتمیزی اب نہیں چلنے دیں گے۔

شہباز گل کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا کہ جس طرح کی گھٹیا زبان مریم نواز اور بلاول بھٹو وزیراعظم کے خلاف استعمال کر رہے ہیں اب انہیں بھی اسی زبان اور انداز میں جواب دیا جائے گا۔

معاون خصوصی کے بیان پر مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے بھی سوشل میڈیا پر انہیں جواب دیتے ہوئے کہا کہ تم اب بھی باز آجاؤ، تمھاری بدتمیزی اب نہیں چلنے دیں گے۔

عطا تارڑ کا شہباز گل کو کہنا تھا تم زبان درازی کرو تو سہی، تمھاری ناک سے لکیریں نا نکلوائیں تو نام بدل دینا، اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔

لیگی رہنما کا شہباز گل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مزید کہنا تھا نا سیاست کا علم نا جمہوریت کا پتہ، خوشامد اور گالیوں کی بدولت آج سیاست کر رہے ہو۔