چین کی عالمی سطح پر کووِڈ-19 کی ویکسین کے ضمن میں تعاون بڑھانے کی پیش کش

Xi Jinping

Xi Jinping

چین (اصل میڈیا ڈیسک) چینی صدر شی جین پنگ نے کہا ہے کہ چین عالمی سطح پر کووِڈ-19 کی ویکسین کی تیاری وتقسیم کے ضمن میں تعاون بڑھانے کو تیار ہے۔انھوں نے مسافروں کی بلاروک نقل وحرکت سے متعلق پالیسیوں میں بہتر بین الاقوامی روابط کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

وہ ہفتے کے روز جی 20 کی الریاض میں منعقدہ ورچوئل سربراہ کانفرنس میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کر رہے تھے۔انھوں نے کہا کہ ’’چین کرونا وائرس کی ویکسینوں کی تحقیق ، تیاری ، پیداوار اور تقسیم کے لیے دوسرے ممالک کے ساتھ تعاون مضبوط بنانے کو تیار ہے۔‘‘

چینی صدرنے کہا کہ ’’ہم اپنے وعدوں کو پورا کرنے کو تیار ہیں،دوسرے ترقی پذیر ممالک کو مدد ومعاونت کی پیش کش کرتے ہیں۔ہم ویکسینوں کو ایک عوامی چیز بنانے کے لیے سخت جدوجہد کررہے ہیں تاکہ تمام ممالک کے شہری اس کو استعمال کرسکیں اور یہ ارزاں دستیاب ہو۔‘‘

انھوں نے کرونا وائرس کی وبا کے پیش نظر عالمی مسافروں کے سفر کو تیزرفتار عمل بنانے کے لیے مربوط بین الاقوامی پالیسی وضع کرنے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔انھوں نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’’چین ایک ایسے میکانزم کے قیام کی تجویز پیش کرے گا جس کے تحت مسافروں کے کسی ایک ملک میں کیے گئے کرونا وائرس کے ٹیسٹ کو ڈیجیٹل ہیلتھ کوڈز کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا جائے۔‘‘

واضح رہے کہ اس وقت دنیا کی مختلف دواساز کمپنیاں کرونا وائرس کے علاج کے لیے ویکسینوں کی تحقیق اور تیاری میں لگی ہوئی ہیں۔ان میں سے بعض کمپنیوں کی تیارکردہ ویکسینوں کی کلینیکی آزمائش جاری ہے اور ان کی ہزاروں افراد پرجانچ کی جارہی ہے۔چین میں مختلف دوا ساز کمپنیوں نے کووِڈ-19 کی پانچ ویکسینیں تیار کی ہیں۔ ان سب کی اب تیسرے مرحلے میں جانچ کی جارہی ہے۔