چٹاگانگ ٹیسٹ؛ پاکستان کی پوری ٹیم 286 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی

Chittagong Test

Chittagong Test

ڈھاکا (اصل میڈیا ڈیسک) چٹاگانگ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں قومی ٹیم نے بنگلا دیش کے خلاف 286 رنز بنائے۔

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ قومی ٹیم کی ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز میزبان ٹیم کے پہلی اننگز میں 330 رنز کے جواب میں پوری ٹیم 286 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، جب کہ بنگلہ دیش کو پہلی اننگز میں پاکستان پر 44 رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔

پاکستان نے تیسرے دن کا کھیل بغیر کسی نقصان کے 145 رنز سے شروع کیا تو پہلے ہی اوور میں اس کی دو وکٹیں گر گئیں، دوسرے دن کے اختتام پر 52 رنز پر ناٹ آؤٹ رہنے والے عبداللہ شفیق تیسرے روز بغیر کوئی اسکور بنائے ہی تاج الاسلام کا شکار ہوگئے، اگلی ہی بال پر اظہر علی بھی تاج الاسلام کا شکار بنے اور بغیر کھاتا کھولے ہی واپس لوٹ گئے، پاکستانی کپتان بابر اعظم صرف 10 رنز بناسکے، انہیں مہدی حسن نے بولڈ کیا، فواد عالم بھی صرف 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور انہیں بھی تاج الاسلام کے کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروا کر پویلین واپس بھیج دیا۔

وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی بنگلہ دیشی بولرز کا سامنا نہ کرسکے اور صرف 5 رنز بناکر عبادت حسین کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے، پاکستان کی جانب سے عابدعلی نے شاندار 133 رنز بنائے، اور تاج الاسلام کے شکار بنے، حسن علی بھی بڑی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں تاج الاسلام کو وکٹ دے بیٹھے، انہوں 12 رنز بنائے اور اسٹمپ آؤٹ ہوئے، ساجد خان کو 5 رنز پر عبادت حسین نے بولڈ کیا، نعمان علی بھی 8 رنز بناسکے انہیں بھی تاج الاسلام نے شکار کیا، فہیم اشرف نے کچھ مزاحمت کرتے ہوئے 38 رنز بنائے اور وہ بھی تاج الاسلام کی وکٹ میں اضافہ کرگئے، بنگلہ دیشی اسپنر تاج الاسلام نے اپنے کیرئر کی بہترین بولنگ کراتے ہوئے 7 پاکستانی کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ پاکستان کے خلاف بنگلہ دیش کی دوسری اننگز جاری ہے۔

کھیل کا دوسرا دن؛

گزشتہ روز کھیل کے دوسرے روز بنگلا دیش کی ٹیم اسکور میں صرف 77 رنز کا ہی اضافہ کرسکی اور 330 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی جب کہ پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے کھیل کے اختتام پر 145 رنز بنالیے تھے۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے عمدہ پرفارمنس دکھاتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاہین شاہ آفریدی اور فخرزمان نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

کھیل کا پہلا دن؛

کھیل کے پہلے دن بنگلادیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو صرف 49 رنز پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تاہم بعد میں لٹن داس اور مشفق الرحیم کی 206 رنز کی شراکت نے بنگلادیش کو مستحکم پوزیشن میں لاکھڑا کیا، دن کے اختتام تک میزبان ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنائے تھے۔