موسمیاتی تبدیلیوں سے عالمی معیشت کو بڑے خطرات کا سامنا ہے، آئی ایم ایف

IMF

IMF

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے عالمی معیشت کو بڑے خطرات کا سامنا ہے۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ 2030 تک بین الاقوامی درجہ حرارت میں اضافہ کی شرح کو 2 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم رکھنے کےلئے عالمی سطح پر کاربن کی قیمتوں میں اضافہ کی مربوط حکمت عملی کی ضرورت ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے عالمی معیشت کو بڑے خطرات کا سامنا ہے لہذا موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے درست حکمت عملی بین الاقوامی معیشت کے مسائل کو کم کرسکتی ہے اور اس سے سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کے علاوہ معاشی ترقی اور گرین جابز کی فراہمی کے وسیع مواقع بھی پیدا کئے جاسکتے ہیں۔

آئی ایم ایف نے مزید کہا ہے کہ آلودگی میں اضافہ کرنے والے توانائی کے وسائل کی قیمتوں میں اضافہ جب کہ شفاف وسائل سے حاصل توانائی کی پیداوار کے فروغ کےلئے مراعات کی ضرورت ہے، کاربن کی قیمتوں میں اضافہ سے انرجی مکس کی شرح میں بہتری، نئی ایجادات کی ترجیحات میں تبدیلی اور گرین ٹیکنالوجیز کو فروغ دیا جاسکتا ہے، آئی ایم ایف کا مزید کہناہے کہ 2030 تک موسمیاتی تبدیلیوں کی درست پالیسی اور کاربن کی قیمتوں کو 75 ڈالر فی ٹن تک بڑھا کر مطلوبہ نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں۔