سردی کے ریکارڈ ٹوٹنے لگے، لوگ ٹھٹھر کر رہ گئے

Cold Weather

Cold Weather

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پنجاب کے میدانی علاقے لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، سیالکوٹ ، حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور، سندھ کے بالائی علاقے سکھر، لاڑکانہ، روہڑی اور جیکب آباد شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔

قومی شاہراہوں پر ٹریفک سست روی کا شکار ہے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہو رہا ہے جبکہ موٹر ویز کئی مقامات پر بند کر دی گئی ہیں۔ ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق ملتان موٹر وے ایم تھری، لاہور تا عبدالحکیم شدید دھند کے باعث بند ہے۔ خانیوال تا ملتان موٹر وے کو شدید دھند کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔

قومی شاہراہ پر پتوکی، رینالہ خورد، اوکاڑہ ، ساہیوال ، ہڑپہ، چیچہ وطنی، میاں چنوں ، خانیوال، ملتان ، لودھراں اور بہاولپور میں بھی دھند ہے۔ قومی شاہراہ پر حد نگاہ 30 سے150میٹر رہ گئی ہے۔

دریں اثنا بالائی اور شمالی علاقوں میں برف باری نے لاہور سمیت پنجاب اور اس کے میدانی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں سردی کا پانچ سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔