کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف کے انتقال پر اسٹارز غمزدہ

Abrar-ul-Haq,Kapil Sharma,Adnan Siddiqui

Abrar-ul-Haq,Kapil Sharma,Adnan Siddiqui

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) اداکار، مصنف، ہدایتکار اور کامیڈی کے بے تاج بادشاہ عمر شریف کے انتقال پر اسٹارز غمزدہ ہیں اور دکھ کا اظہار کر رہے ہیں۔

عارضہ قلب، گردوں اور ذیابیطس کے مرض میں مبتلا کامیڈی کی بے تاج بادشاہ عمر شریف آج جرمنی میں علاج کے دوران انتقال کر گئے۔اداکار کے انتقال کے بعد کامیڈی کی دنیا کا ایک عہد تمام ہو گیا۔ اداکار کے انتقال کے سب ہی افسردہ ہیں۔

گلوکار ابرار الحق نے کہا کہ ہمیں ہنسانے والا آج ہمیں رلا کر چلا گیا۔ عمر شریف کی محب وطنی اورانسان دوستی کو نہیں بھلایا جا سکتا۔

اداکار عدنان صدیقی نے کہا کہ آپ نے ہمیں بہت ہنسایا اور اب ہمیں چھوڑ کر چلے گئے۔ ہم سب بہت افسردہ ہیں۔

فیصل قریشی نے کہا کہ عمرشریف کے انتقال کی خبرسن کر غمگین ہوں۔ وہ انڈسٹری کے حقیقی اداکار تھے۔ خدا انہیں جنت نصیب کرے۔

بھارت کے معروف ٹی وی شو’دی کپل شرما شو‘ کے میزبان کپل شرما نے بھی اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ الوداع لیجنڈ، آپ کی روح کو سکون ملے۔

معروف نیوز اینکر وسیم بادامی نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ عمربھائی اب ہم میں نہیں رہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے معروف اداکار، کامیڈین، ہدایت کار، پروڈیوسر اور ٹیلی ویژن شخصیت کا اصل نام محمد عمر ہے، وہ 19 اپریل 1955 کو لیاقت آباد میں پیدا ہوئے تھے۔ عمر شریف کا شمار نہ صرف پاکستان کے بلکہ برصغیر کے نامور کامیڈینز میں ہوتا ہے۔ ان کا مشہور اسٹیج ڈراما ’’بکرا قسطوں پر‘‘ پاکستان اور بھارت کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں بے حد مقبول ہوا تھا۔