کورونا کے باوجود ہر 17 گھنٹے میں 1 ارب پتی کا اضافہ

Jeff Bezos

Jeff Bezos

واشنگٹن (اصل میڈیا ڈیسک) کورونا نے ایک طرف تو پوری دنیا کی معیشت کا بھٹہ بٹھا دیا تو دوسری جانب دنیا میں ہر 17 گھنٹے میں ایک نئے ارب پتی کا اضافہ ہوا۔ فاربس میں شائع ہونے والی سال 2021 کی فہرست میں 493 نئے ارب پتی افراد کا اضافہ ہوا۔ ان میں سے 210 کا تعلق چین، ہانگ کانگ اور 98 کا تعلق امریکا سے ہے۔

2020 کی فہرست میں جگہ بنانے والے 61 افراد اس فہرست سے خارج ہوگئے، جن میں کاردیشیئن خاندان کی رکن اور میک اپ بنانے والی کمپنی کی مالک کائلی جینز کا نام بھی شامل ہے۔

فہرست کے مطابق کورونا جیسی وبا کے باوجود دنیا کے امیر ترین افراد کی دولت 13 کھرب 10 ارب ڈالر پر پہنچ گئی۔ گزشتہ سال کی نسبت اس میں 8 کھرب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

فہرست میں امیزون کے مالک جیف بیزوس 177 ارب ڈالر کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ اس سال ان کی دولت میں امیزون کے حصص کی قیمت بڑھنے سے 64 ارب ڈالر کا ضافہ ہوا۔

دوسرے نمبر پر ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلن مسک ہیں۔ ان کی دولت میں ایک سال کے عرصے میں 126ارب 60 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ ایک سال پہلے یہ 24 ارب 6 کروڑ ڈالر کے ساتھ 31ویں نمبر پر تھے۔ ان کی دولت بڑھنے کی اہم وجہ ٹیسلا کے حصص کی قیمتوں میں ہونے والا 705 فیصد اضافہ ہے۔

مشہور فرنچ پراڈکٹLouis Vuitton، Christian Dior اور Sephora کے مالک برناڈ آرنلٹ تیسرے نمبر پر ہیں۔ گزشتہ ایک سال میں ان کی دولت میں دو گنا اضافہ ہوا ہے۔ْ گزشتہ ایک سال میں ان کی کمپنی کے حصص کی قیمتوں میں86 فیصد آضافے کی وجہ سے ان کی دولت 76ارب سے بڑھ کر 150 ارب ڈالر ہوگئی۔

مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس 124ارب ڈالر کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ پانچویں نمبر پر فیس بک کے بانی مارک زیکر برگ ہیں۔ فیس بک کے حصص کی قیمتوں میں 80 فیصد اضافے کے بعد ان کی دولت 42ارب 30 کروڑ سے بڑھ کر 97 ارب ڈالرہوگئی ہے۔