کورونا سے لڑنے والا ایک اور ڈاکٹر وائرس سے جان کی بازی ہار گیا

Dr. Abdul Qadir Soomro

Dr. Abdul Qadir Soomro

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) کراچی میں کورونا وائرس کے خلاف جنگ کے فرنٹ لائن ہیرو ڈاکٹر عبدالقادر سومرو مہلک وائرس کا شکار بن کر خالق حقیقی سے جاملے۔

پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے مطابق ڈاکٹر عبدالقادر سومرو کورونا وائرس سے لڑتے لڑتے خود مہلک وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔

ڈاکٹر عبدالقادر سومرو کئی دن سے انڈس اسپتال میں تشویشناک حالت میں زیرعلاج رہنے کے بعد آج انتقال کر گئے۔

پیما کے مطابق ڈاکٹر عبدالقادر پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے سابق صدر تھے۔

ڈاکٹر عبدالقادر سومرو فلاحی تنظیم الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے نائب صدر تھے جبکہ فلاحی ادارے کے اسپتال کے میڈیکل سپرٹنڈنٹ (ایم ایس) بھی تھے۔

دوسری جانب جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے ڈاکٹر عبدالقادر سومرو کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم اِس مشکل وقت میں اپنے محسن اور اصل ہیرو کی قربانی ہمیشہ یاد رکھے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں گلگت میں بھی مسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص کرنے والے ڈاکٹر اسامہ ریاض مہلک وائرس کا نشانہ بن گئے تھے۔

دوسری جانب ملک میں کورونا وائرس کی حفاظتی کٹس اور این 35 ماسک نہ ہونے کے باعث کئی ڈاکٹرز مہلک وائرس کا شکار ہوگئے ہیں جبکہ کوئٹہ میں بھی ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے حفاظتی سامان نہ دینے پر احتجاج کیا گیا۔

تاہم پولیس نے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف پر شدید تشدد کیا اور کئی افراد کو گرفتار کرلیا۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں اب تک 9 ڈاکٹرز اور دیگر میڈیکل اسٹاف میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔