کورونا، جرمنی کی طرف سے مزید سفری پابندیاں

 Germany Travel Restriction

Germany Travel Restriction

جرمنی (اصل میڈیا ڈیسک) جرمن حکومت نے برطانیہ، برازیل اور جنوبی افریقہ سے آنے والے مسافروں پر نئی پابندیوں کا اطلاق کر دیا ہے۔ ان ممالک کو کورونا کے خطرے کے پیش نظر ’ہائی رسک‘ قرار دیا گیا ہے۔

ہائی رسک میں شمار کیے جانے والے ممالک میں آئرلینڈ اور پرتگال کو بھی شامل کر دیا ہے۔ ساتھ ہی چھوٹے افریقی ممالک لیسوتھو اور ایسواتینی سے آنے والے افراد پر بھی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

ان نئی پابندیوں کا اعلان جمعہ انتیس جنوری کو کیا گیا۔

نئی پابندیوں میں قرنطینہ سے متعلق پہلے سے عائد ہدایات کے علاوہ لازمی ٹیسٹنگ کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔

‘ہائی رسک‘ ممالک سے مسافروں کی تعداد محدود کرنے کے ساتھ ساتھ سفر کے ذرائع کو بھی کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ پابندی سترہ فروری تک کے لیے ہے۔جرمنی کن ممالک پر سفری پابندیاں لگانے جا رہا ہے؟

ان پابندیوں کا اطلاق ہوئی جہازوں، بسوں، بحری جہازوں اور بسوں کے ذریعے سفر کرنے والوں پر ہو گا۔

نئی پابندیوں سے ایسے مسافروں کو استثنیٰ دیا گیا ہے جن کے پاس جرمنی میں رہائش کی اجازت ہو گی۔ ایسے افراد بھی نئی پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے جو سامان منتقل کرنے کے اجازت نامے رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہنگامی بنیاد پر انسانی ہمدردی کے تحت علاج کے لیے جرمنی آنے والے افراد بھی نئی پابندیوں سے باہر تصور کیے جائیں گے۔

جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے اخبار ِبلڈ کو ایک انٹرویو میں واضح کیا کہ کورونا وائرس کی تبدیل شدہ ہیت والے ممالک سے آنے والی پروازوں پر مکمل پابندی بھی لگائی جا سکتی ہے۔ جرمن وزیر کے مطابق یہ پابندی اسرائیل کی طرز پر ہو گی۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان حالات میں سرحدوں پر مسافروں کو سخت بارڈر کنٹرول کا سامنا کرنا ہوگا۔

اسی دوران یورپی یونین میں کورونا ویکسین کی قلت کے مدنظر حکام نے لاک ڈاؤن کی اعلان شدہ مدت میں مزید اضافے پر غور شروع کر دیا ہے۔