کورونا لاک ڈاؤن؛ تاجروں نے تجارتی سرگرمیوں پر پابندی کا توڑ نکال لیا

Markets

Markets

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) عیدالفطر کے موقع پر کورونا لاک ڈاؤن کے باعث تاجروں نے تجارتی سرگرمیوں پر پابندی کا توڑ نکال لیا، گلی محلوں میں ٹھیلوں، عارضی پتھاروں اور اسٹالز پر سامان سج گیا۔

عید الفطر سے قبل کورونا پابندیوں کے باعث تجارتی مراکز اوربازاربند ہونے کے بعد رزق حلال کی تلاش میں سرگرم کاروباری افراد نے اپنے گزربسر کے لیے تجارتی سامان دکانوں سے مقامی مارکیٹوں اور اپنے گلی محلوں میں ٹھیلوں، پتھاروں اوراسٹالز پر فروخت کے لیے پیش کردیا۔

بعض علاقوں میں چھوٹے دکان دار اور تاجر گزربسر کے لیے عید کی مناسبت سے سامان اپنے گھروں میں فروخت کررہے ہیں۔ اسی طرح ٹیلر ماسٹرز نے بھی گھروں میں سلائی کا کام جاری رکھا ہوا ہے۔
لاک ڈاؤن کے دوران کراچی کے بڑے تجارتی اور کاروباری مراکز بند ہونے کی وجہ سے عید الفطرکی خریداری کے لیے بے چین خریداروں کی سہولت کے لیے خواتین کی جانب سے گھروں میں قائم اسٹورز اور بوتیکس پر خریداروں کا رجحان بڑھ گیا ہے اور ان مراکز پرکاسمیٹک، کپڑے، جوتے، جیولری سمیت عیدالفطرکی مناسبت سے ہرقسم کا سامان موجود ہے۔

اسی طرح گلی محلوں میں گارمنٹس کے علاوہ جوتے اور عید الفطرکی مناسبت سے دیگر ضروری سامان کی مقامی سطح پر ٹھیلوں اور پتھاروں پر موجودگی کے بعد عید کی خریداری کرنے والے خوش ہیں اور مقامی سطح پر گھریلو اسٹورز کے علاوہ پتھاروں پرعید کی تیاری کی مناسبت سے سامان کی خرید و فروخت میں اضافہ ہورہا ہے۔

کراچی کے بیشتر علاقوں میں افطاری کے بعد گھروں میں قائم بوتیک، اسٹورز کے علاوہ مقامی سطح پر عید کی تیاری کے سلسلے میں خرید و فروخت کا سلسلہ تیز ہوجاتا ہے۔

اس سلسلے میں آن لائن خرید و فروخت کے علاوہ مقامی سطح پر خریداروں کو اشیاء کی خریداری کی سہولت دستیاب ہے اور سوشل میڈیا کو رابطے کے طور پر استعمال کرکے چھوٹے تاجر اور دکان دار اپنی گزر بسر کے لیے کاروباری سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔