کورونا سے نمٹنے کےلیے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے: عالمی ادارہ صحت

Tedros Adhanom

Tedros Adhanom

جینیوا (اصل میڈیا ڈیسک) عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ادہانوم نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے ہرروز ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد کورونا واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اب تک کورونا وائرس کے جتنے بھی واقعات رپورٹ ہوئے ہیں ان میں سے 60 فیصد گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

سربراہ عالمی ادارہ صحت ڈاکٹر ٹیڈروس ادہانوم نے واضح طور پر کہا ہے کہ کورونا وبا سے نمٹنے کا واحد حل جامع حکمت عملی ہے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ جامع حکمت عملی اختیار کرنے والے ممالک میں کورونا وائرس زیادہ نہیں پھیلا ہے۔

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق انہوں نے کہا کہ بعض ممالک نے کورونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کیں۔

ڈاکٹر ٹیڈروس ادہانوم نے خبردار کرتے کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے والے ممالک کے لیے آگے مشکلات درپیش ہوں گی۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے دو دن قبل کہا تھا کہ اب بھی زیادہ تر لوگوں کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے کیونکہ یہ وائرس ابھی تک پھیل رہا ہے۔

انہوں نے پریس بریفنگ میں واضح کیا تھا کہ کورونا کی وبا جلد ختم ہونے کے امکانات کم ہیں۔

ڈاکٹر ٹیڈروس کا کہنا تھا کہ سب خواہش مند ہیں کہ یہ وبا ختم ہو جائے اورزندگی پہلے کی طرح رواں دواں ہو مگر سچائی اور تلخ حقیقت یہ ہے کہ یہ مہلک وبا ختم ہونے کے قریب بھی نہیں پہنچی ہے حالانکہ عالمی سطح پر کئی ممالک نے اس ضمن میں کوشش کی ہے۔

پریس بریفنگ میں عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ادہانوماور نے اعتراف کیا تھا کہ اس سلسلے میں کافی پیشرفت ہوئی ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ حقیقت یہی ہے کہ یہ وبا زیادہ پھیل رہی ہے۔