کورونا وائرس کے باعث سی اے اے کی سفری پالیسی مزید سخت

Passenger

Passenger

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) کورونا وائرس کے باعث سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے انتطامات مزید سخت کرتے ہوئے نئی سفری پالیسی جاری کر دی۔

سی اے اے اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس کے باعث سی اے اے کی نئی سفری پالیسی کی مدت میں 31 اگست تک توسیع کر دی گئی ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ مسافروں کو بٹھانے سے قبل جہاز میں جراثیم کش اسپرے کیا جائے گا جب کہ جہاں ممکن ہو ایک سیٹ چھوڑ کر بورڈنگ پاس جاری کیا جائے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ دوران پرواز سیٹ بدلنے پر پابندی اور تمام مسافروں کا ماسک پہننا لازم ہوگا، ساتھ ہی ہر مسافر کا ڈیڑھ گھنٹے بعد درجہ حرارت چیک کرنا بھی لازم قرار دیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق مسافروں کا درجہ حرارت زیادہ ہونے پر کورونا ٹیسٹ ہیلتھ حکام کی مرضی سے مشروط ہے جب کہ کورونا علامات ظاہر ہونے پر قرنطینہ کے لیے مسافر خود اخراجات برداشت کریں گے۔

اعلامیے میں جہاز کے کپتان کی کورونا حفاظتی انتظامات پر تسلی اور ڈومیسٹک پروازوں کے لیے ایس او پیز پر عمل درآمد سے متعلق ائیر لائن اور سی اے اے حکام کے دستخط لازم قرار دیے گئے ہیں۔

سی اے اے نے جہاز کے عملے کے لیے دوران پرواز حفاظتی سوٹ سمیت تمام انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

اس کے علاوہ ڈھائی گھنٹے سے کم دورانیہ کی پروازوں کے مسافروں کو کھانا فراہم کرنے پر پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔