کورونا وائرس: سابق لیجنڈ بیٹسمین سچن ٹنڈولکر کا 50 لاکھ روپے عطیہ کا اعلان

Sachin Tendulkar

Sachin Tendulkar

نئی دہلی (اصل میڈیا ڈیسک) بھارت کے سابق مایہ ناز بیٹسمین سچن ٹنڈولکر نے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے جاری حکومتی کوششوں میں حصہ ڈالتے ہوئے 50 لاکھ بھارتی روپے عطیہ کیے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق عطیہ کی جانے والی یہ رقم بھارت میں کسی بھی کھلاڑی کی طرف سے کورونا وائرس کے لیے دی جانے والی رقم سے زیادہ ہے۔

سابق بھارتی لیجنڈ بیٹسمین اس سے قبل بھی فلاحی کاموں کے لیے سوشل میڈیا پر نہ صرف پیغامات ریکارڈ کرواتے رہے ہیں بلکہ اس کے لیے رقم بھی عطیہ کرتے رہے ہیں۔

سچن ٹنڈولکر نے 25 لاکھ روپے انڈین وزیراعظم اور 25 لاکھ مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ کے فنڈ میں جمع کروائے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: پی سی بی کا 50 لاکھ روپے عطیہ کرنے کا اعلان

یاد رہے کہ انڈیا میں 21 روز کے لیے لاک ڈاؤن جاری ہے، ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 724 ہو چکی ہے اور 17 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

کچھ انڈین کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پر کورونا وائرس کے بارے میں آگاہی کے پیغامات بھی جاری کیے ہیں۔

بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور ان کی اہلیہ فلم سٹار انوشکا شرما نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومت کی طرف سے تین ہفتے کے لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعد اپنے گھروں میں رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: بنگلا دیشی کھلاڑیوں نے تنخواہ کا نصف حصہ عطیہ کر دیا

دونوں سٹارز کی ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر مداحوں کی تعداد 14 کروڑ سے زیادہ ہے۔

کوہلی کا کہنا تھا کہ یہ مشکل وقت ہے، ہمیں صورت حال کی سنجیدگی کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔

سچن ٹنڈولکر سے پہلے انڈیا کے دیگر کھلاڑیوں نے کورونا وائرس کے خلاف کیے جانے اقدامات میں حصہ ڈالا تھا۔

انڈین کرکٹر عرفان خان اور یوسف پٹھان نے بڑودہ پولیس کو 4 ہزار ماسک دیے، مہندر سنگھ دھونی نے ایک این جی او کو ایک لاکھ روپے عطیہ کیے، اس سے قبل بی سی سی آئی کے صدر ساروگنگولی نے 50 لاکھ روپے کے چاول دینے کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بنگلا دیش میں بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کے خلاف بنگلا دیشی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے اپنی ماہانہ تنخواہ کا نصف حصہ عطیہ کیا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑی اپنی ماہانہ تنخواہ کا آدھا حصہ حکومت کے ساتھ کورونا وائرس کے فنڈ میں شامل کر رہے ہیں تاکہ عالمی وبا کا مل کر مقابلہ کیا جاسکے۔اس حوالے سے تمام بنگلادیش کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پر ایک بیان بھی جاری کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اس وقت دنیا عالمی وبا سے لڑ رہی ہے، یہ وبا بنگلادیش میں بھی تیزی سے پھیلتی جارہی ہے جس کے باعث ہم تمام کھلاڑی سوشل میڈیا سے کوشش کر رہے ہیں کہ اس سے بچاؤ کے لیے ضروری اقدامات کی آگاہی دے سکیں۔

کھلاڑیوں کی طرف سے کہا گیا ہے کہ آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ہمارا یہ بھی ماننا ہے کہ صرف اتنا ہی کافی نہیں اس لیے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے ما تحت ہم 27 کھلاڑی تنخواہ کا آدھا حصہ اس کار خیر میں دے رہے ہیں۔

کھلاڑیوں نے بیان میں کہا کہ یہ رقم تقریباً 27 لاکھ تک بنے گی جو کہ ممکن ہو اس لڑائی کے لیے کافی نہ ہو لیکن اگر ہم سب مل کر اپنا اپنا حصہ شامل کریں گے تو اس سے مقابلہ کرنے میں آسانی ہوگی۔

بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ اگر ہم دوسروں پر تنقید کرنے کے بجائے ذمہ داریاں سنبھال کر اور پورے دل سے شراکت کرنے کی کوشش کریں، تو ہم کورونا وائرس کے خلاف جنگ جیت سکتے ہیں۔

آخر میں کھلاڑیوں نے عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے وبا کے جلد ختم ہونے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔