کرونا وائرس پر عالمی ادارہ صحت نے تاخیر سے ایکشن لیا: امریکی صدر

Donald Trump

Donald Trump

وائٹ ہاؤس (اصل میڈیا ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس پر عالمی ادارہ صحت نے تاخیر سے ایکشن لیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ امریکی شہری شدید دباوَ اور مشکلات کا شکار ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرونا پر عالمی ادارہ صحت نے تاخیر سے ایکشن لیا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کو امریکا سے بہت سے فنڈز ملتے ہیں لیکن آئندہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کو فنڈز دینے کے معاملے پر سوچیں گے۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ڈبلیو ایچ او چین کے زیادہ قریب ہے جس نے چین کے لیے بارڈر کھلے رکھنے کا غلط مشورہ دیا۔

خیال رہے کہ امریکا میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران مختلف ریاستوں میں امریکا میں 24 گھنٹوں کے دوران 2000 افراد ہلاک ہو گئے۔ اب تک کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔

سرکاری اعداد وشمار کے مطابق امریکا میں ہلاکتوں کی کل تعداد 11 ہزار 781 ہوگئی ہے۔ امریکا میں 3 لاکھ 77 ہزار سے زائد افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

دنیا کے تمام ممالک میں کرونا وائرس کے سبب 78,114 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ 13 لاکھ 79 ہزار سے زائد متاثر ہیں۔