کورونا وائرس: متاثرین کی تعداد چھ کروڑ سے تجاوز کر گئی

Coronavirus

Coronavirus

امریکا (اصل میڈیا ڈیسک) کورونا وائرس سے دنیا بھر میں متاثر ہونے والے افراد کی تعداد چھ کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے، نئے انفیکشن کی رفتار میں تیزی آگئی ہے اور امریکا میں ریکارڈ تعداد میں لوگوں کو ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔

دنیا میں سب سے زیادہ کورونا وائرس سے متاثرہ ملک امریکا میں حکام نے لوگوں سے تھینکس گیونگ کی چھٹیوں کے دوران گھر پر ہی رہنے کی اپیل کی ہے کیوں کہ کووڈ۔19 کے مریضوں کی وجہ سے میڈیکل پرافیشنلز پہلے سے ہی غیر معمولی دباؤ میں ہیں۔

امریکا میں ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں کووڈ 19 کے دس لاکھ نئے کیسز درج کیے گئے ہیں جس کے ساتھ ہی اس وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ پچیس لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ دو لاکھ ساٹھ ہزار سے زائد افراد اب تک ہلاک ہوچکے ہیں۔

یورپ میں بھی پچھلے پانچ دنوں کے دوران دس لاکھ نئے کیسز درج کیے گئے جس کے ساتھ ہی اس مہلک وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ ساٹھ لاکھ ہوچکی ہے۔ جب کہ اب تک تین لاکھ 65 ہزار سے زائد لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔

پورے یورپ میں حکومتیں اس بات کو لے کر سخت پریشانی میں مبتلا ہیں کہ کرسمس کے تہوار کی وجہ سے اس وبا کی ممکنہ شدت کو قابو میں رکھنے کے ساتھ ساتھ معمولات زندگی پر کس طرح بندشیں عائد کی جائیں۔

انگلینڈ میں جہاں اگلے ہفتے کے اواخر میں قومی لاک ڈاون نافذ کیے جانے کی خبریں ہیں وہیں جرمنی، اسپین اور اٹلی نے بھی چھٹیوں کے دنوں میں پابندیوں کی تفصیلات کا اعلان کردیا ہے، ان میں گھروں میں مہمانوں کی تعداد کو محدود رکھنا بھی شامل ہے۔

دریں اثناء جرمن چانسلرانگیلا میرکل نے بدھ کے روز اس امر کی تصدیق کی جرمنی 20 دسمبر یا اس سے پہلے جزوی لاک ڈاون ختم نہیں کرے گا بلکہ ہوسکتا ہے کہ اس میں جنوری کے اوائل تک توسیع کردی جائے۔

کئی اضافی بندشیں شامل کردی گئی ہیں تاہم کرسمس کے دوران اس میں تھوڑی رعایت دی جائے گی۔ البتہ ریستوراں اور بارز چھٹیوں کے دوران بھی بند رہیں گے۔

انگیلا میرکل نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ”عوام کے لیے ہمارے پاس دو پیغامات ہیں۔ پہلا، آپ کا شکریہ اور دوسرا موجودہ پابندیاں ختم نہیں کی جائیں گی۔”

برازیل بھی پچھلے ہفتے امریکا اور بھارت کے ساتھ ان ملکوں کی فہرست میں شامل ہوگیا جہاں متاثرین کی تعداد ساٹھ لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔ ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد مصدقہ اموات کے ساتھ برازیل کورونا وائرس سے سب سے زیادہ مرنے والوں کی تعداد کے لحاظ سے امریکا کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔

بھارت گوکہ بانوے لاکھ سے زائد کیسز کے ساتھ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ دنیا کا دوسرا ملک ہے تاہم حالیہ ہفتوں کے دوران نئے کیسز کی تعداد میں کمی کی اطلاعات ہیں۔ بھارت میں گزشتہ ہفتے یومیہ اوسطاً 44 ہزار کیسز درج کیے گئے جو کہ ستمبر کے وسط کے مقابلے بہت کم ہیں جب روزانہ اوسطاً تقریباً 98 ہزار نئے کیسز سامنے آرہے تھے۔

چین، جنوبی کوریا، سنگاپور، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیسے ایشیا بحرالکاہل کے ممالک نے اپنے اقدامات سے بتایا ہے کہ اس وائرس پر مؤثر انداز میں قابو پانے کے لیے کس طرح تیز رفتار، مقامی سطح پر اور تدارکی اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔

پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ پازیٹیو پایا گیا ہے۔

بلاول بھٹو نے ٹوئٹر پر خود اس کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ ”میرا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آگیا اور مجھے معمولی علامات ہیں جس پر میں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔”

بلاول بھٹو نے مزید لکھا ہے کہ وہ گھر سے ہی کام کریں گے اور پی پی پی کی یوم تاسیس کے موقع پر بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کریں گے۔ اسی کے ساتھ انہوں نے لوگوں سے ماسک پہننے کی تلقین بھی کی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کورونا ٹیسٹ ایک ایسے وقت میں پازیٹیو آیا ہے جب ایک روز بعد ہی یعنی 27 نومبر کو ان کی بہن بختاور بھٹو زرداری کی منگنی ہونے جارہی ہے۔