کورونا وائرس کا شکار ہونے والے پاکستانی فنکار

 Pakistani Artist

Pakistani Artist

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) رواں برس خطرناک کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر کی طرح جب پاکستان میں بھی لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تو شوبز فنکاروں نے ایس او پیز پرعمل کرتے ہوئے سماجی رابطہ اختیار کیا اور تقریباً تمام فنکار اپنے اپنے گھروں میں قرنطینہ ہو گئے۔

تاہم ان میں سے کچھ فنکار کام کی وجہ سے ایس او پیز پر سختی سے عمل نہیں کرسکے جس کی وجہ سے کورونا کی زد میں آگئے ۔ یہاں پاکستان شوبز انڈسٹری کے ان فنکاروں کی فہرست پیش کی جارہی ہے جو کورونا وائرس کا شکار ہوئے۔

ندا یاسر اور یاسر نواز

اداکارہ ندا یاسر نے لاک ڈاؤن کے دوران حکومتی ہدایات کے باوجود اپنے مارننگ شو کی شوٹنگ جاری رکھی جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ وہ اور ان کے شوہر یاسر حسین مارننگ شو کے عملے سمیت کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ بعد ازاں ندا اور یاسر نواز نے خود کو گھر میں آئسولیٹ کرلیا لیکن اب دونوں صحت مند ہیں۔

علیزے شاہ اور نعمان سمیع

ندا یاسر کے مارننگ شو میں ڈراما سیریل ’’میرا دل میرا دشمن‘‘ کی کاسٹ بطور مہمان شریک ہوئی تھی اس ڈرامے میں علیزے شاہ اور نعمان سمیع مرکزی کردار اداکررہے تھے جب کہ یاسر نواز نے اس ڈرامے کو ڈائریکٹ کیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسی شو کے دوران ندا یاسر، یاسر نواز، علیزے شاہ اور نعمان سمیع کورونا کا شکار ہوئے تھے۔

روبینہ اشرف اور سکینہ سموں

پاکستان ٹی وی کی مایا ناز اور سینئر اداکارائیں روبینہ اشرف اور سکینہ سموں بھی کورونا وائرس کی زد میں آچکی ہیں۔ میڈیا میں دونوں کے خلاف افواہیں گردش کرنے لگی تھیں کہ کورونا کے باعث روبینہ اشرف کی حالت بہت تشویشناک ہے جب کہ سکینہ سموں کی تو کورونا کی وجہ سے موت کی افواہیں سوشل میڈیا پر زیر گردش تھیں لیکن ان دونوں اداکاراؤں نے ان افواہوں کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔

ابرارالحق اور واسع چوہدری

معروف پاکستانی گلوکار ابرارالحق بھی کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔ ناول کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ابرارالحق نے خود کو قرنطینہ کرلیا تھا۔ تاہم وہ مسلسل سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کو احتیاط برتنے کی ہدایات کررہے تھے۔ اداکار و میزبان واسع چوہدری بھی کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے ٹوئٹر پر کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی تھی جس کے بعد انہوں نے خود کو آئسو لیٹ کرلیا تھا۔

شفاعت علی اور نوید رضا

اسٹینڈ اپ کامیڈین اور میزبان شفاعت علی بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ انہوں نے خود کو کورونا ہونے کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھاکہ ان میں کورونا کی بہت معمولی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔ شفاعت علی کے علاوہ ٹی وی اداکار نوید رضابھی اس وائرس کا شکار ہوئے تھے۔ نوید رضا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد نہ صرف اپنے مداحوں کو اپنی صحت سے مسلسل آگاہ رکھ رہے تھے بلکہ لوگوں کو کورونا وائرس سے متعلق آگاہی بھی دے رہے تھے۔

نوید رضا نے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا وہ لوگ جو کورونا وائرس کو سنجیدہ نہیں لے رہے اگر ایسے لوگ اپنے پیاروں سے 2 فیصد بھی محبت کرتے ہیں تو اس وائرس کو سنجیدگی سے لیں. کیونکہ آپ کو نہیں معلوم کہ یہ کتنا درد دیتا ہے۔ آپ کو سانس کی تکلیف ، سینے میں درد، بخار اور نہ ختم ہونے والا سر درد شروع ہوجاتا ہے۔

سلمان احمد

معروف گلوکار اور پی ٹی آئی کے رکن سلمان احمد نے رواں برس اپریل میں ٹوئٹر پر کہا تھا کہ ان میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئی ہیں اور وہ جلد ہی کووڈ 19 کا ٹیسٹ کرائیں گے۔ بعد ازاں انہوں نے کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے کی تصدیق بھی کی تھی۔

عثمان مختار اور امیر گیلانی

ڈراما سیریل ’ثبات‘ کے دونوں مرکزی اداکار عثمان مختارا ور امیرگیلانی نے بھی حال ہی میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبر مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔ ان دونوں نے فی الحال خود کو آئسو لیٹ کیا ہوا ہے۔ اور لوگوں سے دعا کی درخواست کی ہے۔

صحیفہ جبار خٹک اور جواد احمد

حال ہی میں ماڈل صحیفہ جبار خٹک نے بھی ان میں کورونا وائرس ہونے کی تصدیق کی ہے ۔ جب کہ جواد احمد بھی اس مرض کا شکار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے خود کو گھر کے ایک کمرے تک محدود کرلیا ہے اس کے ساتھ انہوں نے مداحوں سے دعا کی اپیل بھی کی۔

عامر لیاقت حسین اور طوبیٰ عامر

تین روز قبل عامر لیاقت حسین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ان میں اور ان کی دوسری اہلیہ میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی۔ تاہم انہوں نے چند گھریلو نسخے بھی بتائے اور کہا کہ یہ نسخے کورونا میں مددگار ثابت ہورہے ہیں۔