کورونا وائرس کے مریضوں میں مسلسل اضافے کے بعد ملک بھر میں فوج تعینات

Army

Army

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد پاکستان بھر میں فوج تعینات کر دی گئی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب، سندھ ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں فوج کو تعینات کرنے کیلئے وفاقی وزارت داخلہ کو خط لکھا گیا تھا جس کی منظوری اب وزارت داخلہ نے دے دی ہے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر میں بھی فوج تعینات ہوگی اور فوج کی خدمات آئین کے آرٹیکل 131 اے کے تحت طلب کی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کے صوبے بلوچستان میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت ہوئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں اموات کی مجموعی تعداد 6 ہوگئی ہے جبکہ مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 800 سے تجاوز کرچکی ہے۔

سندھ، پنجاب خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں لاک ڈاؤن ہے اور حکومت نے عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی ہے۔