کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبریں؛ ایلکس ہیلز نے وضاحت پیش کر دی

Alex Hales

Alex Hales

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے برطانوی کرکٹر ایلکس ہیلز نے اپنی صحت کے حوالے سے وضاحتی بیان جاری کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے تحریری پیغام میں انگلش کرکٹر الیکس ہیلز نے کہا کہ کرکٹ کی دنیا اور سوشل میڈیا پر میرے حوالے سے افواہیں گردش کررہی ہیں، بہتر سمجھتا ہوں کہ صورتحال کو مکمل طور پر واضح کردوں۔

الیکس ہیلز نے کہا کہ عالمی وبا کورونا کے پیش نظر دیگر غیرملکی کرکٹرز کے ہمراہ میں نے بھی نہ چاہتے ہوئے پی ایس ایل ادھوری چھوڑ کر واطن واپسی کا فیصلہ کیا، میرا خیال تھا کہ لاک ڈاﺅن ہونے پر ہزاروں دور بیٹھنے کے بجائے اپنی فیملی کے ساتھ ہونا زیادہ اہم ہوگا۔

برطانوی کھلاڑی نے مزید کہا کہ ہفتہ کی صبح انگلینڈ پہنچا تو مکمل صحتیاب اور کورونا وائرس کی کوئی علامات نہیں تھیں تاہم اتوار کی صبح بیدار ہوا تو بخار کی کیفیت تھی، خشک کھانسی بھی ہورہی تھی، حکومتی ہدایت کے مطابق خود کو تنہا کرلیا ہے، ابھی تک میرا ٹیسٹ ممکن نہیں ہوا، شام تک متوقع ہے، رپورٹ آنے کے بعد میں اپنی صحت کے بارے میں مزید اپ ڈیٹ دوں گا۔

اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر نجی ٹی وی کے اینکر پرسن کی ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے انگلش کرکٹر الیکس ہیلز نے کہا کہ جعلی خبریں پھیلانا بند کردیں، یہ خطرناک رویہ ہے۔

قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور معروف تجزیہ کار رمیز راجا نے کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے برطانوی کرکٹر الیکس ہیلز کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ان میں کورونا وائرس مثبت آنے کے حوالے سے خبریں گردش کررہی ہیں اسی حوالے سے نجی ٹی وی کے اینکرپرسن نے الیکس ہیلز کی تصویر کے ہمراہ گلف نیوز کا لنک بھی شیئر کرتے ہوئے کہا کہ خبر کی تصدیق ہوگئی۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے بھی اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ کنگز کے ایک غیرملکی کھلاڑی میں وائرس کے خدشات سامنے آے ہیں، یہ غیرملکی اب واپس جاچکا ہے، اس کرکٹر کا نام رازداری میں رکھ رہے ہیں۔

واضح رہے الیکس ہیلز نے پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی جانب سے 7 میچز کھیلے تاہم کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر پی سی بی کی جانب سے پی ایس ایل چھوڑنے کی آفر پر وہ انگلینڈ واپس چلے گئے تھے تاہم آج الیکس ہیلز میں کورونا وائرس کی علامات پائے جانے کی اطلاعات پر پی ایس ایل کو ملتوی کرنے کو اہم جواز قرار دیا گیا ہے۔