کرپشن اور بد انتظامی سانحہ بیروت کا اصل سبب ہے: لبنانی وزیراعظم

Hassan Diab

Hassan Diab

بیروت (اصل میڈیا ڈیسک) لبنان کے وزیراعظم حسان دیاب نے دارالحکومت میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے بعد مظاہرین کا غصہ ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک اس وقت ایک ایسے المیے سے گذر رہا ہے جس نے پورے ملک پر تباہ کن اثرات مرتب کیے ہیں۔

انہوں‌ نے کہا کہ موجودہ حالات میں لبنان مزید افراتفری اور انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ تمام سیاسی قوتوں کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے ملک کو درپیش سانحے کے اثرات سے باہر نکالنے میں مدد کرنا ہو گی۔ انہوں نے قبل از وقت انتخابات کی ضرورت پربھی زور دیا۔

حسان دیاب کا کہنا تھا کہ بیروت دھماکے بد انتظامی اور سال ہال سال کی کرپشن کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کو دو ماہ میں اتفاق رائے سے قبل از وقت انتخابات کا فیصلہ کرنا ہو گا۔ اس وقت تک حکومت اپنی ذمہ داریاں سنبھالے گی۔ان کا کہنا تھا کہ وہ قبل از وقت انتخابات کا مسودہ قانون جلد کابینہ میں پیش کریں گے۔

وزیراعظم حسان دیاب نے کہا کہ لبنان اس وقت ہنگامی حالات سے گذر رہا ہے۔ موجودہ بحران کا واحد قبل از وقت پارلیمانی انتخابات ہیں۔

خیال رہے کہ لبنانی وزیراعظم کی طرف سے یہ موقف ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری طرف کل ہفتے کے روز کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین نے صدر میشل عون اور وزیراعظم حسان دیاب کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ پرتشدد مظاہروں کے نتیجے میں کم سے کم ایک شخص ہلاک اور اڑھائی سو کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔