کئی ممالک نے ثالثی کی پیشکش کی ہے مگر بھارت مذاکرات کیلئے تیار نہیں

Dr. Mohammad Faisal

Dr. Mohammad Faisal

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ کئی ممالک نے ثالثی کی پیشکش کی ہے مگر بھارت مذاکرات کے لیے تیار نہیں ہے۔

دفتر خارجہ میں صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ہندواڑا اور سوپور میں 3کشمیریوں کو شہید کیا، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ 10 ستمبر کو انسانی حقوق کونسل میں کشمیر پر مشترکا اعلامیہ بڑی کامیابی تھی، یہ اعلامیہ 58 ممالک کی طرف سے پیش کیا گیا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاک بھارت مذاکرت پر کئی ملکوں نے ثالثی کی پیشکش کی ہے لیکن بھارت مذاکرات پر راضی نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی بیک ڈور سفارت کاری نہیں ہو رہی۔

امریکا اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکا اور طالبان سے کہیں گے کہ مذاکرات دوبارہ شروع کریں، پاکستان طرفین سے ضبط و تحمل سے کام لینے پر زور دیتا ہے اور ہم صورت حال کا قریبی جائزہ لے رہے ہیں۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان آزاد فلسطین کے قیام کا حامی ہے اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کوئی اقدام نہیں اٹھایا جا رہا۔