ملک کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات، 20 افراد جاں بحق، 40 سے زائد زخمی

Traffic Accidents

Traffic Accidents

کراچی (جیوڈیسک) ملک کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔

ٹریفک حادثات سندھ کے شہر کشمور، پنجاب کے شہر، چیچہ وطنی، میانوالی، خانیوال اور جہانیاں میں پیش آئے، جب کہ بلوچستان کے شہر کوئٹہ، دالبندین اور خیبرپختونخوا کے شہر بنوں میں واقعات پیش آئے۔

کشمور کے علاقے ڈکن بنگلو کے قریب موٹر سائیکل رکشہ کو بچاتے ہوئے مسافر کوچ الٹ گئی جس کے نتیجے میں 4 مسافر جاں بحق اور 13 سے زائد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

چیچہ وطنی میں گیمبر کے قریب دو ٹریلر ٹکرانے سے 3 افراد جاں بحق ہوئے، جہانیاں کے نواحی گاؤں 147 ٹین آر میں ٹرک اور ٹریلر میں ٹکر کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے۔

بورے والا میں لاہور روڈ پر مانا موڑ کے قریب بس الٹ گئی جس کے نتیجے میں 2 مسافر جاں بحق اور 25 زخمی ہوگئے۔

سرگودھا میں کوٹ مومن انٹرچینج کے قریب راولپنڈی سے خانیوالی جانے والی مسافر کوچ کا ٹائر پھٹنے کی وجہ سے الٹ گئی، حادثے میں 2 مسافر جاں بحق اور 7 شدید زخمی ہوئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

کوہاٹ میں انڈس ہائی وے پر کار اور ٹرک میں ٹکر کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور خاتون اور دو بچے زخمی ہوگئے، میانوالی میں موسیٰ خیل روڈ پر حادثے کا زخمی ایک اور بچہ بھی دم توڑ گیا جس کے بعد وہاں اموات کی تعداد 5 ہوگئی۔

بنوں کے علاقے ڈومیل میں دو موٹر سائیکلوں میں تصادم سے 2 افراد جاں بحق ہوئے، کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد میں ٹریکٹر کی ٹکر سے پانچ سال کا بچہ جاں بحق ہوگیا۔

خانیوال سے ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ عباس نگر میں باسی چاول کھانے سے ایک ہی خاندان کے 8 افراد بےہوش ہوگئے جن میں 6 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں۔