مادر وطن کا دفاع اور سیکیورٹی اپنے خون و پسینے کی قیمت پر یقینی بنائیں گے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ

 General Qamar Javed Bajwa

General Qamar Javed Bajwa

اسلام آباد (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شمالی وزیرستان اور بلوچستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے 10 فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مایوس دشمن قوتوں کی دم توڑتی کوششیں ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک افغان سرحد پر شمالی وزیرستان کے علاقے گرباز کے قریب سرحد پار سے پاک فوج کی بارڈر پیٹرولنگ پارٹی پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 6 جوان شہید ہوگئے۔

ادھر بلوچستان میں بھی دہشت گردوں نے ہوشاب اور تربت کے درمیانی علاقے میں کامبنگ آپریشن میں مصروف ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک کیپٹن سمیت 4 اہلکار شہید ہو گئے۔

آرمی چیف نے دونوں واقعات میں جام شہادت نوش کرنے والے فوجیوں اور ان کے خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی مادر وطن کا دفاع اور سیکیورٹی اپنے خون و پسینے کی قیمت پر یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان استحکام سے پائیدار امن کی جانب بڑھ رہا ہے، یہ مایوس دشمن قوتوں کی دم توڑتی کوششیں ہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دنیا کے لیے یہی وقت ہے کہ وہ علاقائی امن کے لیے سہولت فراہم کرے۔