ملک بھر میں جشن ولادت النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

Eid Milad-un-Nabi

Eid Milad-un-Nabi

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک بھر میں جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم آج نہایت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ آقائے دو جہاں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے جشن ولادت کے روز صبح بہاراں كا آغاز بارگاہ رسالت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم میں ہدیہ درود و سلام اور اجتماعی دعاؤں سے ہوا، ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلسے جلوسوں اور ریلیوں کا اہتمام کیا جائے گا جن میں حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے محبت کا اظہار کیا جائے گا، عاشقان رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اپنے اپنے انداز میں والہانہ محبت کا اظہار کریں گے۔

ملک کے مختلف شہروں میں جلسوں سے جید علمائے کرام خطاب کریں گے جن میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم بیان کی جائے گی۔ کراچی میں جماعت اہلسنت پاکستان کے تحت عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا مرکزی جلوس نیومیمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہو گا۔

ملک بھر میں جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے سلسلے میں عاشقان رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اپنے گھروں کو خوبصورت برقی قمقموں سے سجا رکھا ہے جب کہ پارلیمنٹ ہاؤس، وزیراعظم ہاؤس، ایوان صدر سمیت سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں کو بھی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف شہروں میں خانہ کعبہ اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے خوبصورت ماڈل بھی سڑکوں پر رکھے گئے ہیں جو عوام کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

جشن عید میلاالنبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے سلسلے میں سیکیورٹی پلان بھی ترتیب دیا گیا ہے جس کے تحت جلوسوں کی مرکزی گزرگاہیں اور اس سے ملحقہ سرکیں ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کی جائیں گے جب کہ جلوس میں شامل ہونے والوں کو جامع تلاشی کے بعد جانے کی اجازت دی جائے گی۔