ملک میں ٹرین آپریشن کی معطلی کا نوٹیفکیشن چند منٹوں میں واپس

Train Operation

Train Operation

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) وزارت ریلوے نے ملک بھر ٹرین آپریشن کی معطلی کے لیے جاری کیا گیا نوٹیفکیشن چند منٹوں میں ہی واپس لے لیا۔

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی زیرصدارت ویڈیو لنک کے ذریعے ریلوے ہیڈکوارٹر لاہور میں اجلاس ہوا جس میں ریلوے افسران نے کورونا وائرس کے حوالے سے ریلوے آپریشن کی موجودہ صورتحال پرسفارشات پیش کیں۔

اجلاس میں ملک بھر میں ریلوے آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت ملک بھر میں ٹرین آپریشن 31 مارچ تک معطل کیا گیا اور اس سلسلے میں ایک نوٹی فکیشن بھی جاری کیا گیا جسے چند منٹوں میں ہی واپس لے لیا گیا ہے۔

ترجمان ریلوے کے مطابق وزارت ریلوے نے حکام کی ہدایت پر ٹرین آپریشن معطل کرنے کا نوٹی فکیشن واپس لے لیا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور وزیر ریلوے کی ملاقات کے بعد نیا نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر محکمہ ریلوے نے اب تک 44 ٹرینیں بند کردی ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 800 سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ اب تک 6 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔