کرکٹ کی بہتری کے پلانز آج زیر غور آئیں گے

Misbah-ul-Haq

Misbah-ul-Haq

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان کرکٹ کی بہتری کے پلانز پیر کو ملتان میں زیر غور آئیں گے، ہیڈکوچ وچیف سلیکٹر مصباح الحق اور بولنگ کوچ وقار یونس سمیت ہائی پرفارمنس سینٹر کے آفیشلز سر جوڑ کر بیٹھیں گے، منگل کو ایسوسی ایشنز کے کوچز کے ساتھ میٹنگ ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ کا معیار بہتر کرانے کے نسخوں پر غور پیر کو ملتان میں ہونے والے اجلاس میں ہوگا، ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق، بولنگ کوچ وقار یونس،ہائی پرفارمنس سینٹر میں شعبہ انٹرنیشنل پلیئرز ڈیولپمنٹ کے سربراہ ثقلین مشتاق اور ہیڈ آف کوچنگ گرانٹ بریڈ برن اس میٹنگ میں شریک ہوں گے۔

اس موقع پر ڈومیسٹک کرکٹ سے وابستہ اہداف پر بات چیت ہوگی، بعد ازاں مصباح الحق کی 6 ایسوسی ایشنز کے کوچز سے میٹنگ بھی طے ہے، ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر منگل کو اپنے تحت کام کرنے والے دیگر سلیکٹرز کو نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلیے حکمت عملی سے آگاہ کریں گے۔
زمبابوے سے سیریز میں ممکنہ کھلاڑیوں کے حوالے سے پالیسی کے بارے میں بھی بتایا جائے گا،مصباح الحق ڈومیسٹک ایونٹ میں شریک قومی کرکٹرز سے بھی مشاورت کرتے ہوئے مستقبل کی پلاننگ کیلیے ہوم ورک مکمل کریں گے۔ امکان ہے کہ مصباح الحق قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے چند میچز دیکھنے کے بعد لاہور واپس آئیں گے۔

یہاں ان کی ٹیسٹ کپتان اظہر علی سے میٹنگ ہوگی،دونوں کو بورڈ کی اجازت کے بغیر وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بارے میں وضاحت بھی چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کو پیش کرنا ہے۔دریں اثناء معلوم ہوا ہے کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوران ثقلین مشتاق اور گرانٹ بریڈ برن ٹیموں کے ڈگ آؤٹ میں بیٹھ کر ماحول کا جائزہ لیں گے،وہ کرکٹرز کی گرومنگ اور دباؤ میں کھیلنے کی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے لیے مینجمنٹ کو مشورے بھی دیں گے۔