مقبوضہ وادی میں کرفیو کا ساتواں روز، کھانے پینے کی اشیا ختم، عوام بے حال

Indian Army

Indian Army

سرینگر (جیوڈیسک) مقبوضہ وادی میں کرفیو اور لاک ڈاؤن کا ساتواں روز ہے جس کے سبب گھروں میں کھانے پینے کی اشیا ختم ہونے لگیں، عید کے موقع پر بھی غاصب فوج نے عوام پر پابندیاں لگا رکھی ہیں۔ کشمیری عوام میں بھارتی اقدامات پر غم وغصہ بڑھنے لگا۔

مظلوم کشمیریوں پر ایک ایک لمحہ بھاری گزرنے لگا، گھروں میں بھوک اور پیاس، بچوں کی آہ وبکا، ادویات کی قلت ہو گئی۔ مقبوضہ وادی میں کرفیو کا ساتواں روز ہے۔ ریاست کا خصوصی درجہ ختم کئے جانے کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے، عوام غیر آئینی بھارتی اقدام پر غضبناک ہیں، مقبوضہ وادی کی فضا میں “بھارت واپس جاؤ، بھارتی آئین نامنظور” کے نعرے گونجنے لگے، قابض بھارتی فوج نے فائرنگ اور پیلٹ گنز کا استعمال کیا جس میں درجنوں زخمی ہوئے۔

دوسری جانب بھارتی پولیس حالات ٹھیک ہیں کا جھوٹا پراپیگنڈا کرنے میں مصروف ہے، بھارتی اقدامات کے باعث مقبوضہ وادی میں خوراک اور ادویات کا بحران پیدا ہو گیا ہے۔ ٹی وی، ٹیلی فون اور انٹرنیٹ کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے علاقے کا بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع ہے۔