سنتھیا کی ملک بدری: وزارت داخلہ کو 3 ہفتے میں فیصلے کا حکم

Cynthia de Richie

Cynthia de Richie

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی کو ملک بدر کرنے کی درخواست پر وزارت داخلہ کو مزید مہلت دیتے ہوئے3ہفتے میں فیصلہ کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے سنتھیا حکومت یا آئی ایس پی آر جس کے ساتھ بھی کام کر رہی تھی اس معاملے کو بھی دیکھنے کی ضرورت ہے، اس تاثر کو زائل کرنا ہو گا کہ کوئی ادارہ سیاسی بیانات جاری کرانے کے پیچھے ہے، اداروں کی سیاسی غیر جانبداری کا تاثر برقرار رہنا چاہیے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پیپلز پارٹی کے افتخار چودھری کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی، وزارت داخلہ نے فریقین کو نوٹس کرکے دوبارہ آرڈر جاری کرنے کیلئے مہلت دینے کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرلیا، چیف جسٹس نے کہا سنتھیا ڈی رچی کی جانب سے سنجیدہ نوعیت کے الزامات لگائے گئے ہیں جن کی تحقیقات ضروری ہیں، عدالت نے کیس کی مزید سماعت یکم ستمبر تک ملتوی کردی۔