ڈسکہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم تنظیم سے روابط کے شبے میں مدرسہ سیل

Daska CTD

Daska CTD

سیالکوٹ (جیوڈیسک) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے ڈسکہ کے مقامی مدرسے میں کارروائی کے دوران 10 افراد کو حراست میں لے لیا جب کہ مدرسے کو کالعدم تنظیم سے روابط کے شبے میں سیل کردیا گیا۔

ڈسکہ کے علاقے منڈیکی گورائیہ میں کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ نے مدرسے کا سرچ آپریشن کیا اور اس دوران 10 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مدرسے کے خلاف کارروائی کالعدم تنظیم سے روابط کے شبے میں کی گئی جب کہ سرچ آپریشن کے دوران مدرسے سے حراست میں لیے گئے افراد سے ممنوعہ لٹریچر، کتابیں اور آڈیوکیسٹس بھی برآمد کی گئی ہیں۔

سی ٹی ڈی کے مطابق مدرسے کا کالعدم تنظیم جیش محمد سے روابط اور اسی تنظیم کے لئے فنڈز اکھٹا کرنے کا انکشاف ہوا ہے اور اس حوالے سے مزید تفتیش بھی کی جارہی ہے جب کہ مدرسے کو سیل کردیا گیا ہے ۔