داتا دربار دھماکے کے ملزم کا مبینہ سہولت کار گوجرانوالہ سے گرفتار

Zeeshan

Zeeshan

گوجرانولہ (جیوڈیسک) محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے ذیشان نامی شخص کو حراست میں لے لیا جس کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ داتا دربار دھماکے کے ملزم کا سہولت کار ہے۔

سی ٹی ڈی نے گوجرانولہ کے علاقے ایمن آباد میں ملزم ذیشان کو اس کے گھر سے حراست میں لیا، جس پر داتا دربار حملے میں سہولت کاری کا الزام ہے۔

دوسری جانب گرفتاری سے پہلے ذیشان نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ اُس کی کریانے کی دکان ہے اور اُس کا دہشت گرد حملے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

مبینہ سہولت کار کا کہنا تھا کہ دھماکے کے وقت وہ دربار کے اندر موجود تھا اور ڈر کے باہر بھاگا، ویڈیو میں دیکھ کر اُسے حملہ آور کا سہولت کار سمجھا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ 8 مئی کی صبح داتا دربار کے باہر ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 5 اہلکاروں سمیت 12 افراد شہید اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔