تاریخ میں پہلی مرتبہ اسرائیلی وزیر اعظم اور موساد کے سربراہ سعودی سرزمین پر

Benjamin Netanyahu

Benjamin Netanyahu

اسرائیل (اصل میڈیا ڈیسک) اسرائیلی ذرائع ابلاغ اور نیوز ایجنسیوں نے رپورٹ کیا ہے کہ اتوار کو سعودی عرب میں اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی ایک خفیہ ملاقات ہوئی۔

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔ یہ تاریخی ملاقات اتوار کو ہوئی اور اس کے لیے نیتن یاہو سعودی عرب گئے تھے، جو کسی اسرائیلی وزیر اعظم کا اس اسلامی ملک کا اولین دورہ ہے۔ اسرائیلی براڈکاسٹر کان کے ایک نمائندے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو بھی اس ملاقات میں شریک ہوئے تھے۔ اسی براڈکاسٹر نے اپنی رپورٹوں میں حکومتی ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ یوسی کوہن بھی نیتن یاہو کے ہمراہ تھے اور یہ ملاقات سعودی شہر نیوم میں ہوئی۔

اس تاریخی دورے اور خفیہ ملاقات کے بارے میں رپورٹیں آج بروز پیر اسرائیل کے متعدد اخبارات میں چھپی ہیں۔ البتہ فوری طور پر نیتن یاہو کے دفتر سے اس کی تصدیق نہیں ہو پائی۔

حالیہ ماہ میں سعودی عرب کے دو اہم اتحادی ممالک متحدہ عرب امارات اور بحرین نے اسرائیل کو تسلیم کر لیا ہے۔ یہ سفارتی پیش رفت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی ثالثی میں ہوئی۔ امریکی اور اسرائیلی حکام کا دعوی ہے کہ کئی دیگر عرب ریاستیں بھی جلد ہی اسرائیل کے ساتھ باقاعدہ سفارتی تعلقات قائم کرنے والی ہیں۔

سعودی عرب نے اسرائیل کو باقاعدہ طور پر فی الحال تسلیم نہیں کیا اور سرکاری طور پر ریاض حکومت کا موقف اب بھی وہی ہے کہ اسرائیل کو اس وقت تک یہودی ریاست کے طور پر تسلیم نہیں کیا جا سکتا، جب تک فلسطین کا مسئلہ حل نہیں ہو جاتا۔ لیکن ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ ریاض کے اسرائیل کے ساتھ خفیہ تعلقات و مکالمت جاری رہی ہیں۔