ایک دن میں 563 ریکارڈ اموات نہایت غم ناک امر ہے: برطانوی وزیراعظم

Boris Johnson

Boris Johnson

لندن (اصل میڈیا ڈیسک) برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے ملک میں کرونا وائرس کے ریکارڈ اعداد و شمار پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ٹویٹر پر جاری ایک وڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ اگر حفاظتی اقدامات اور تدابیر پر عمل کیا گیا تو متاثرہ افراد اور مرنے والوں کی تعداد میں کمی آ جائے گی۔

جونسن کا کہنا تھا کہ “اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ ایک غم و رنج کا دن تھا .. ایک دن کے اندر 560 مزید اموات جو کہ ریکارڈ اندراج ہے .. ہمارے دل اور ہماری سوچ اس وبا کا شکار ہونے والوں اور ان کے ساتھیوں کے ہمراہ ہے .. تاہم اس میں کوئی نہیں کہ اگر ہم متعین کردہ پروگرام پر عمل کرنے میں کامیاب ہو گئے اور ان اقدامات کی پاسداری کی جن کو ہم نے مل کر قبول کیا تھا .. تو یقینا ہم آنے والے ہفتوں یا مہینوں میں اس وائرس کا راستہ تبدیل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے”۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں بدھ کے روز کرونا وائرس کے سبب مزید 563 افراد کے فوت ہو جانے کا اعلان کیا گیا۔ یہ پہلا موقع ہے جب ملک میں اس مہلک وائرس کے سبب مرنے والوں کی یومیہ تعداد 500 کی حد عبور کر گئی۔

برطانوی وزارت صحت کے مطابق اس وبائی مرض کا شکار ہو کر موت کی نیند سونے والے افراد کی مجموعی تعداد 2352 تک پہنچ گئی ہے۔