دسمبر کے بلوں میں فی یونٹ بجلی ڈیڑھ روپے تک مہنگی ہونے کا خدشہ

Electricity

Electricity

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی زیر صدارت دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی سماعت اسلام آباد میں ہوئی۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے دسمبر فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ ایک روپے 80 پیسے اضافہ مانگا ہے۔

سماعت کے دوران نیپرا حکام نے بتایا کہ دسمبر میں 3 ارب 60 کروڑ روپے کی بجلی فرنس آئل پر پیدا کی گئی، اگر یہی بجلی ایل این جی پر بنائی جاتی ڈیڑھ ارب روپے تک بچت ہو سکتی تھی۔

چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کا کہنا تھا کہ پاور سیکٹر کی گیس کس سیکٹر کو منتقل ہوئی؟ ہم اس معاملے کو دیکھیں گے کہ پاور کی گیس کہاں دی گئی، ہم بجلی صارفین کے محافظ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں بجلی مہنگی ہونے پر پریشانی ہوتی ہے، کیا کریں گردشی قرضہ 2400 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے، بجلی پیداواری کمپنیوں کے ساتھ ڈالر کی بنیاد پر مہنگے معاہدے کیے گئے ہیں۔

چیئرمین نیپرا کا مزید کہنا تھا کہ فی یونٹ اضافہ ایک روپے 30 پیسے سے ایک روپے 60 پیسے تک بن سکتا ہے۔

نیپرا نےدسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیاجسے بعد میں جاری کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ہی وفاقی حکومت نے مہنگائی کے مارے شہریوں پر ایک اور بم گراتے ہوئے بجلی ایک روپے 95 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا اعلان کیا تھا۔