ڈپٹی کمشنر لینڈ ریوینیو نے گاڑی کی ٹکر سے ٹریفک وارڈن کو زخمی کر دیا

Traffic Warden

Traffic Warden

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) لاہور میں اعلیٰ حکومتی عہدیداروں اور سرکاری آفیسرز کے رہائشی علاقے جی او آر ون میں ڈپٹی کمشنر اِن لینڈ ریونیو نے ٹریفک وارڈن کو ٹکر مار کر زخمی کر دیا۔

لاہور کا پوش علاقہ جی او آر ون جہاں جیل روڈ کی جانب جانے والی ایک کار نے ٹریفک وارڈن نعیم کو ٹکر مار کر زخمی کر دیا۔

ٹریفک وارڈن کا کہنا ہے کہ اس نے ٹریفک قانون کی خلاف ورزی پر گاڑی کو روکا تو گاڑی ڈرائیور نے خود کو ڈپٹی کمشنر اِن لینڈ ریونیو محمد عدنان بتایا اور کہا کہ پیچھے ہٹ جاؤ۔

وارڈن بار بار سامنے آ کر گاڑی روکتا ہے، جس پر ڈرائیور اسے گاڑی کی ٹکر مار کر زخمی کر دیتا ہے۔ وارڈن کی کال پر پولیس تو پہنچی مگر افسر کے تعارف کروانے پر اسے جانے دیا۔

ٹریفک وارڈن نعیم نے تھانا شادمان کالونی میں دی گئی درخواست میں بتایا کہ محمد عدنان کا ڈرائیونگ لائسنس بھی زائد المیعاد ہے۔

ڈی ایس پی اور ایس ایچ او شادمان ایسے کسی واقعے سے ہی انکار کرتے رہے تاہم رات گئے مقدمہ درج کر کے محمد عدنان کو حراست میں لے لیا، ملزم پر یہ الزام بھی ہے کہ اس نے ٹریفک وارڈن کی وردی بھی پھاڑ دی تھی۔