مایوس پی ڈی ایم کو خود سمجھ نہیں آ رہا وہ کیا کریں، گورنر پنجاب

Chaudhry Muhammad Sarwar

Chaudhry Muhammad Sarwar

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ مایوس پی ڈی ایم کو اب خود سمجھ نہیں آرہی ہے وہ کیا کریں۔

لاہور میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ندیم افضل چن نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چوہدری سرور نے کہا کہ اپوزیشن کی احتجاجی سیاست کا ایجنڈا انتشار اور فساد کے سوا کچھ نہیں، پی ڈی ایم کے جلسے کورونا پھیلاؤ مہم کا حصہ بن رہے ہیں۔

پی ڈی ایم جماعتیں ایک پیج پر نہیں بلکہ سب کا اپنا اپنا پیج ہے، حکومت اپنے اصولی موقف سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گی، حکومت آئینی مدت کا آخری منٹ بھی پورا کر کے ہی جائے گی۔

اپوزیشن کے اے سے زیڈ تک سارے پلان ناکام ہوں گے، پی ڈی ایم بس دیکھتی جائے سینیٹ کے انتخابات بھی ہوں گے اور اس میں تحریک انصاف واضح کامیابی بھی حاصل کرے گی۔

اس موقع پر ندیم افضل چن نے کہا کہ سیاسی مخالفین کا ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے کا ایجنڈہ ناکام ہی ہوگا، حکومت کو اپوزیشن کے احتجاج سے کوئی خطرہ نہیں آئینی مدت پوری کر یں گے۔