ڈالر کی اونچی اڑان تھم گئی، نرخ میں کمی

Dollar

Dollar

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو آئندہ دو سال کے لیے موخر ادائیگیوں پر 3.6 ارب ڈالر کا تیل فراہم کرنے پر رضامندی اور اسٹیٹ بینک کے ریگولیٹری اقدامات کے نتیجے میں زرمبادلہ کے دونوں بازار میں بآلاخر ڈالر کی اونچی اڑان تھم گئی اور اس کے نرخ میں کمی آگئی۔

انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تگڑا ہوا۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے 114 اشیاء کی درآمدات پر اضافی ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کیے جانے اور لیٹر آف کریڈٹ کھولنے سے قبل مطلوبہ درآمدات کے عوض 100 فیصد زرمبادلہ جمع کرانے کی شرط جمعہ کو انٹربینک مارکیٹ پر اثرانداز رہی۔

برآمد کنندگان کی جانب سے بھی ڈالر بھنانے کی بازگشت رہی جس کے نتیجے میں کاروبار کے بیشتر دورانیے میں ڈالر کی قدر تنزلی سے دوچار رہی۔ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر اتارچڑھاؤ کے بعد 16 پیسے کی کمی سے 170.47 روپے پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 90پیسے کی کمی سے 172.60روپے کی سطح پر بند ہوئی۔