ڈالر کے مقابل روپے کی قدر بڑی تنزلی سے بچ گئی

Dollars

Dollars

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں گزشتہ ہفتے ڈالرکی قدر میں اتار چڑھاو کے بعد تیزی رہی۔

گزشتہ ہفتے ڈالرکی قدر میں اضافہ یورو کی قدر میں کمی اور پاونڈ کی قدرمیں اضافہ ہوا۔ بڑھتی ہوئی درآمدی سرگرمیوں کے باعث نئے درآمدی لیٹر آف کریڈٹس کھولے جانے اور بیرونی ادائیگیوں کی وجہ سے ڈالر کی قدر پورے ہفتے اتارچڑھاؤ کا شکار رہی تاہم زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر 3سال کی بلند سطح پر پہنچنے، کرنٹ اکاونٹ سرپلس ہونے سے روپے کی قدر بڑی تنزلی سے بچ گئی۔

گزشتہ ہفتےانٹربینک میں ڈالر کی قدر23پیسےبڑھ کر160روپے 31پیسے پر بند ہوئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر20پیسے کے اضافے سے160.50 روپےپر بند ہوئی۔

اسی طرح انٹربینک میں یوروکرنسی کی قدر مجموعی طورپر61پیسے گھٹ کر195.61 روپے پرآگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں یوروکرنسی کی قدر1.50روپے گھٹ کر 194 روپے ہوگئی۔ انٹربینک میں برطانوی پاونڈ کی قدر86پیسے بڑھ کر217.66روپے پر آگئی۔جبکہ اوپن مارکیٹ میں برطانوی پاونڈ کی قدر 50پیسے بڑھکر217 روپےہوگئی۔