منشیات سمگلنگ کیس، ن لیگی رہنما رانا ثنا اللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں‌ 9 روز کی توسیع

Rana Sanaullah

Rana Sanaullah

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) منشیات سمگلنگ کیس میں رانا ثنا اللہ کو عدالت پیش کیا گیا، عدالت نے ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں‌ 9 روز کی توسیع کرتے ہوئے 18 اکتوبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا.

رانا ثناءاللہ کے خلاف منشیات سمگلنگ کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم کے خلاف بیگ کی برآمدگی اور خفیہ خانوں سے منشیات نکالنے کا کہا گیا ہے، یہ تمام سٹوری جھوٹی ہے۔ موٹروے سے ساڑھے 15 کلو میٹر دور 3 بج کر 35 منٹ پریہ معاملہ پیش آیا۔ یہ روٹ ہمارے موقف کی سپورٹ کرتا ہے۔ رانا ثنا کا موقف سی سی ٹی وی فوٹیجز کے بعد سچ ثابت ہوا ہے۔

اے این ایف کے وکیل نے کہا کہ اگر ڈیوٹی جج ٹرائل سن سکتا ہے تو پھر ملزمان کیخلاف فرد جرم عائد کی جائے، پراسکیوٹر اے این ایف نے کہا کہ یہ باہر جاتے ہیں تو کہتے ہیں ان کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے۔ عدالت نے دونوں جانب سے دلائل سننے کے بعد رانا ثنا کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 روز کی توسیع کرتے ہوئے 18 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔