ڈچ پولیس نے جیل توڑنے کی کوشش ناکام بنا دی

Dutch Police

Dutch Police

ہالینڈ (اصل میڈیا ڈیسک) ہالینڈ میں ایک ہائی سیکورٹی جیل سے ایک قیدی کو مبینہ طور پر بھگانے کی کوشش کو قانون نافذ کرنے والے اہلکاورں نے جرمن پولیس کی مدد سے ناکام بنا دیا۔ ڈچ پولیس نے اس سلسلے میں چار مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

ڈچ پولیس نے ایک بیان میں کہا، ”کئی افراد نے جیل میں نقب لگانے کی کوشش کی لیکن ان کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ جیل سے قیدیوں کو بھگانے میں مشتبہ افراد کی شمولیت کی جانچ کی جارہی ہے۔”

جیل کے پارکنگ ایریا میں ایک ڈیلیوری وین میں آتشزدگی کے واقعے کے ساتھ ہی حکام کو جیل توڑنے کی کسی کوشش کا شبہ ہوا جس کے بعد وہ چوکس ہوگئے۔ ‘ڈچ بارڈر پولیس‘ تفتیشی ایجنسیاں اور جرمن پولیس کی مشترکہ کوششوں کے بعد چار مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ڈچ پولیس نے اپنے بیان میں کہا،”کوئی قیدی جیل سے فرار ہونے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔”

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ دراصل یہ کوشش عمر ایل نامی ایک شخص کو جیل سے بھگانے کے لیے کی گئی تھی۔ یہ شخص قتل کے دو اور اقدام قتل کے تین جرائم میں قصور وار قرار دیے جانے کے بعد عمر قید کی سزا کاٹ رہا ہے۔ ہالینڈ میں حالیہ برسوں میں جیل سے قیدیوں کو بھگانے کے کئی بڑے واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ ایسے ہی ایک واقعے میں ہیلی کاپٹر کا استعمال بھی کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ پولیس نے سن 2017 میں ایک چرائے گئے ہیلی کاپٹر کی مدد سے جیل سے قیدیوں کو بھگانے کی کوشش کرنے والوں میں سے ایک کو گولی مار کر ہلاک اور متعدد دیگر کو زخمی کردیا تھا۔