ڈوبتی معیشت کو سہارا نہ دیا گیا تو قوم کو پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں ملے گا: حمزہ

 Hamza Shahbaz

Hamza Shahbaz

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ ملک میں مہنگائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، ایک دن میں مرغی کے گوشت کی قیمت 47 روپے کلو بڑھ گئی، ڈوبتی معیشت کو سہارا نہ دیا گیا تو قوم کو پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔

اسلام آباد روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے سینیٹ الیکشن کے موقع پر اسلام آباد آنےکی دعوت دی، ان کی دعوت پر جا رہا ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی سینیٹ کا الیکشن جیت جائیں گے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ حکومت کے آٹا چینی اور ادویات سمیت متعدد اسکینڈلز سامنے آ گئے، ملک میں مہنگائی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، ایک روز میں مرغی کے گوشت کی قیمت47 روپے کلو بڑھ گئی، ڈوبتی معیشت کو سہارا نہ دیا گیا تو قوم کو پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔

حمزہ شہباز نےکہا کہ احتساب کا نعرہ لگانے والے بی آر ٹی کیس میں حکم امتناع کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں، فارن فنڈنگ کیس میں اکبر ایس بابر الیکشن کمیشن میں دھکے کھا رہے ہیں لیکن انہیں انصاف نہیں مل رہا۔

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ حکومت کام نہیں کرتی، جب کوئی ناگہانی آفت آتی ہے تو سول ادارے فوج کو بلا لیتے ہیں، اس طرح کام نہیں چلے گا۔