مصر میں‌ کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا

Corona virus in Egypt

Corona virus in Egypt

مصر (اصل میڈیا ڈیسک) چین میں قیامت برپا کرنے والا خوفناک ‘کرونا’ وائرس مصر تک پہنچ گیا ہے۔ کرونا وائرس کے شکار ہونے والے ایک چینی باشندے کو مصر کے مرسی مطروح اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مصری حکام نے کرونا کے مریض کو الگ تھلگ کر دیا ہے اور اس کا علاج شروع کر دیا گیا ہے۔

جمعہ کے روز مصری وزارت صحت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ملک میں پہلے کرونا کیس کی تشخیص کی گئی ہے اور متاثر ہونے والا شخص غیر ملکی ہے۔

گذشتہ روز مصری وزارت صحت، ہائوسنگ اور عالمی ادارہ صحت کی طرف سے ایک مشترکہ بیان جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ مصر میں پہلے کرونا وائرس کی تشخیص کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ چین میں دسمبر 2019ء کو صوبہ ہوبی کے دارالحکوم ووہان میں پھیلنے والے ‘کرونا’ وائرس کے نتیجے میں چین میں اب تک ڈیڑھ ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ تمام تر کوششوں کے باوجود اس وائرس پرقابو نہیں پایا جاسکا ہے۔